ہماری کوشش ہے کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے غریب مریضوں کو علاج معالجہ کی وہ تمام سہولتیں فراہم کریں، ڈاکٹر عبدالوہاب ودھو

جمعہ 16 نومبر 2018 20:23

حیدر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآبادوجامشورو ڈاکٹر عبدالوہاب ودھو نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے غریب مریضوں کو علاج معالجہ کی وہ تمام سہولتیں فراہم کریں جو کہ اُن کا حق ہے،حکومت سندھ سرکاری اسپتالوں میں وہ تمام سہولتیں فراہم کر رہی ہے جو کہ نجی ہسپتالوں میں بھی نہیں ہیں۔

یہ بات انہوں نے او پی ڈی میں ذیابیطس کلینک ،شعبہ امراض اطفال ،فزیو تھراپی سمیت دیگر مختلف شعبہ جا ت کے دورے کے دوران شعبہ جات کے پروفیسرز اور ڈاکٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی،اس موقع پراے ایم ایس ڈاکٹر شاہد جونیجو ،پروفیسر ڈاکٹر سمیع اللہ شیخ ،آر ایم او جنرل او پی ڈی ڈاکٹر مجیب اللہ کلوڑاور دیگر اوپی ڈی انتظامیہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے ڈاکٹر عبدالوہاب ودھو نے کہاکہ او پی ڈی میں قائم ذیابیطس کلینک میں غریب مریضوں کو علاج کی بہتر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور یہاں مریضوں کو ہر ہفتے انسولین فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ آنکھوں سمیت مختلف ٹیسٹ بھی فری کئے جاتے ہیں اور ذیابیطس کلینک میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے ہم ہر ممکن تعاون کریں گے انہوں نے کہاکہ ابھی ہم نے فزیو تھراپی او پی ڈی میں مزید نئی مشینیں فراہم کی ہیں جن کے ذریعے ریڑھ کی ہڈی ، ہپ جوائنٹ اور دیگر اعضاء کا فزیو تھراپی کے ذریعے علاج کیا جائے گا انہوں نے کہاکہ شعبہ امراض اطفال میں بچوں کے 6انکیو بیٹرکام کر رہے تھے تاہم مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ کے پیش نظر ہم مزید انکیو بیٹر کیلئے حکومت سندھ سے سفارش کی تھی جس کے بعدحکومت سندھ نے ہماری سفارش پر نظر ثانی کی اور ہمیں مزید 20انکیو بیٹر دیئے ہیں جبکہ سول اسپتال حیدرآباد و جامشورو میں نئی ایم آر آئی اور سٹی اسکن مشینیں بھی نصب کی جا رہی ہیں جوکہ جلد ہی اپنا کام شروع کردیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گردوں کی صفائی کے سلسلی میں مزید30ڈائیلاسز مشینیں بھی منگوائی گئی ہیں جن کی تنصیب ہو چکی ہے اورکام بھی بہت جلد شروع کر دیا جائے گا جس کے بعد گردے کے ڈائیلاسز کرانے والے مریضوں کو علاج و معالجہ کی بہتر سہولت میسر آئے گی اور اس کے بعد گردے کے وارڈ میں مریضوں کا ڈائیلاسز کا ایک نیا یونٹ بھی بنایا جارہا ہے جس کے بعداس حوالے سے مزید بہتری آئیگی انہوں نے کہاکہ حال ہی میں مریضوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کیلئے محکمہ صحت حکومت سندھ کی جانب سے مزید18نئی ایمبولینسیں فراہم کی گئی ہیں اور ان ایمبولینسوں میں سے دو ،دوایمبولینس حیدرآباد، لطیف آباد اور قاسم آباد کے مختلف چوراہوں پر کھڑی کی جائیں گی اور کارڈلیس فون کے ذریعے ان ایمبولینسوں کے ڈرائیورز کا اسپتال انتظامیہ سے رابطہ ہوگا اور ایمرجنسی کی صورت میں یہ ایمبولینسیں مریضوں کو لانے اور لے جانے کے فرائض انجام دیں گی انہوں نے کہاکہ سول ہسپتال حیدرآباد و جامشورو میں لوئر سندھ کے 13اضلاع سمیت بلوچستان سے بھی مریض اپنے علاج کیلئے آتے ہیں اور ہماری یہ کوشش ہے کہ ہمارے اسپتال سے مریض مایوس ہو کر نہیں بلکہ مکمل صحتیاب ہو کر گھرجائے۔