وفاقی و صوبائی حکومتیں ٹیکنیکل تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں ، ضیاء اللہ بنگش

اساتذہ مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق افرادی قوت تیار کریں تاکہ فارغ التحصیل طلبہ کو فوری طورپر روزگارملے، مشیر تعلیم خیبرپختونخوا

ہفتہ 17 نومبر 2018 16:27

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) مشیر تعلیم خیبرپختونخواہ ضیاء اللہ بنگش نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی و صوبائی حکومتیں ٹیکنیکل تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں اور اس سلسلے میں باقاعدہ طورپر ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔وہ گزشتہ روز گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کوہاٹ میں تعمیرکردہ بی ٹیک بلاک کے افتتاحی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر کالج کے پرنسپل ‘پارٹی ورکرز‘ اساتذہ کرام اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اٴْنہوں نے ٹیکنیکل تعلیم میں نئی جہت لانے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ سی پیک میں تکنیکی افراد کو کھپانے کے وسیع ترمواقع موجودہیں اور انشاء اللہ مستقبل میں کوئی ہنرمند بے روزگارنہیں رہے گا۔

(جاری ہے)

مشیر تعلیم نے اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق افرادی قوت تیار کریں تاکہ فارغ التحصیل طلبہ کو فوری طورپر روزگارملے۔

ضیاء اللہ نے طلباء سے کہا کہ وہ صرف اور صرف تعلیم کے حصول کو اپنا موٹو بنائیں کیونکہ تعلیم ہی روشن اور کامیاب مستقبل کا ضامن ہے۔ اٴْنہوں نے کہا کہ اٴْنہیں کوہاٹ کے جوانوں پر فخر ہے کیونکہ اٴْنہوں نے ہمیشہ کوہاٹ کا نام روشن رکھا ہے اور توقع ہے کہ وہ آئندہ بھی مایوس نہیں کریں گے۔کالج کے مسائل کا ذکرکرتے ہوئے بنگش نے یقین دلایا کہ کالج کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

قبل ازیں کالج کے پرنسپل نے سپاسنامہ پیش کیا اور ریگولرمقامی اساتذہ کی تعیناتی‘ کلاس فور کی خالی آسامیوں پر بھرتی اور جدید آلات کی فراہمی کے مطالبات پیش کئے۔اس سے پہلے مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے گورنمنٹ آف ٹیکنالوجی کوہاٹ میں ساڑھے چھ کروڑ روپے کی خطیر لاگت سے بی ٹیک کلاسز کے لئے تعمیرکردہ نئے بلاک کا افتتاح کردیا۔