پاکستان پیپلزپارٹی کا 51واں یوم تاسیس 30 نومبر کو منایا جائیگا

ہفتہ 17 نومبر 2018 19:16

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کا 51واں یوم تاسیس 30 نومبر کو جوش و خروش سے منایا جائیگا ۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس بات کا فیصلہ گزشتہ روزرکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ کی رہائشگاہ پرمنعقد ہونیوالے پیپلزپارٹی کی یوم تاسیس آرگنائزنگ کمیٹی کے ایک اجلاس میںکیا گیا، جس کی صدارت سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میںفیصلہ کیا گیا کہ30 نومبر کو یوم تاسیس کے موقع پر سکھر میں ایک عظیم الشان جلسہ منعقد ہوگا جس سے پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔ اجلاس میں یوم تاسیس کے سلسلے میں انور خان مہر کی سربراہی میں ایک استقبالیہ کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے اراکین میں سکھر ڈویڑن لاڑکانہ ڈویڑن اور شہید بینظیر آباد ڈویڑن کے ضلعی صدور شامل ہوں گے۔ جبکہ عاجز دھامرہ کی سربراہی میںمیڈیا کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ جس کے اراکین میں مرتضی وھاب فدا ڈھکن چودھری اظہر حسنین، لیاقت خالدی وقاص شوکت ملک ضمیر، شامل ہوں گے۔