جدہ: انسانیت کے جذبے سے سرشار پاکستانی نے سعودی کو ڈوبنے سے بچا لیا

شکیل احمد نے انعام میں ملنے والی رقم چیف جسٹس ڈیم فنڈ میں جمع کروانے کا اعلان کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 19 نومبر 2018 18:09

جدہ: انسانیت کے جذبے سے سرشار پاکستانی نے سعودی کو ڈوبنے سے بچا لیا
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 نومبر2018) دردِ دِل اور انسانیت سے بھرپور شکیل احمد نے ایسا شاندار کارنامہ سر انجام دیا ہے جس نے سعودی عرب میں بسنے والے تمام پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں۔ پاکستانی شہر گجرات کا رہائشی شکیل احمد شیول آپریٹر ہے جو مکّہ مکرمہ ریجن کے شہر سب الجارہ میں گزشتہ آٹھ سالوں سے کڑی محنت کر کے اپنے گھر والوں کی کفالت کر رہا ہے۔

اس وقت سعودی مملکت طوفانی بارشوں کی زد میں ہے جس کے باعث کئی علاقوں میں سیلاب کی سی صورتِ حال پیدا ہو چکی ہے۔ کچھ ایسا ہی معاملہ سعودی شہری عبدالرحمان محمد العیسیٰ کے ساتھ پیش آیا جو کسی کام کے سلسلے میں گاڑی پر نکلا مگر اُسے اندازہ نہیں تھاکہ سڑکوں پر طغیانی کی سی کیفیت پیدا ہو چکی ہے۔ اچانک کہیں سے پانی کا ایک تیز ریلا آیا اور اسے گاڑی سمیت بہا دُور لے جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

یہ منظر دیکھ کر اہلِ علاقہ میں سراسیمگی پھیل گئی۔ مگر پانی کے تُند و تیز ریلے کو دیکھ کر ایک طرف جمع ہوئے لوگوں میں سے کسی کے اندر محمد العیسیٰ کی جان بچانے کی ہمت پیدا نہ ہوئی۔ تمام لوگ اپنی دانست میں اُس کی موت کو برحق جان کر کفِ افسوس مل رہے تھے۔ اس مجمع میں شکیل احمد بھی موجود تھا۔ جس نے وہاں موجود اہلکاروں سے کہا کہ وہ اس ڈُوبتے شخص کی جان بچا سکتا ہے، اُسے آگے جانے کی اجازت دی جائے۔

تاہم سیلابی ریلے کی شدت کو دیکھتے ہوئے اہلکاروں نے اُسے کہا کہ وہ اپنی جان جوکھوں میں نہ ڈالے۔ کیونکہ جو بھی شخص اس آندھی کی رفتار سے بہتے پانی میں جائے گا اُس کی موت یقینی ہو گی۔ تاہم اُس نے منت سماجت کی کہ اُسے قریب المرگ سعودی بھائی کی جان بچانے کا موقع دیا جائے۔ اگر اُسے کچھ ہوا تو وہ اپنی موت کا خود ذمہ دار ہو گا۔ آخر اُس کے اصرار پر جونہی اُسے اجازت ملی وہ اپنی شیول سٹارٹ کر کے ریلے میں جا گھُسا اور چند منٹوں کے اندر موت کے جبڑوں میں پھنسے سعودی شہری کو زندہ سلامت نکال لایا۔

اس موقع پر کنارے پر کھڑے لوگوں کی خوشی دیدنی تھی۔سعودی شہری کی جان بچا کر اُسے اپنے ساتھ لانے پر شکیل احمد کا تالیوں اور توصیفی کلمات سے شکریہ ادا کیا گیا۔ جب اس واقعے کی اطلاع گورنر مکّہ شہزادہ خالد الفیصل کو مِلی تو انہوں نے پاکستانی نوجوان کو انعام اور اعزاز سے نوازنے کی خوش خبری سُنا دی۔ انسان دوست جذبے کے حامل شکیل احمد کا کہنا ہے کہ اُسے اس واقعے کے باعث جو عزت اور محبت سعودی بھائیوں سے مِلی ہے، وہ اسے پاکستان کے نام منسوب کرتا ہے۔ اور گورنر مکّہ سے حاصل ہونے والی انعامی رقم وہ چیف جسٹس ثاقب نثار کے ڈیم فنڈ میں جمع کروا دے گا۔