اومنی شوگراسکینڈل: صائمہ مجید کے وارنٹ گرفتاری جاری

اومنی گروپ کے سربراہ انورمجیدکودوسری باربھی پیش نہ کرنے پرعدالت کا اظہارِ برہمی

منگل نومبر 17:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 نومبر2018ء) اومنی گروپ کی جانب سے اربوں روپے کی چینی غائب کرنے کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے صائمہ مجیدکے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے بینکنگ کورٹ میں اربوں روپے کی چینی غائب کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔اومنی گروپ کے سربراہ انورمجیدکودوسری باربھی پیش نہ کرنے پرعدالت نے اظہارِ برہمی کیا۔

عدالت نے اس موقع پر مقدمے میں نامزد ملزمہ صائمہ مجید کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے۔عدالت نے انور مجید کے وکلا اور جیل حکام سے استفار کیا کہ انور مجید کہاں ہیں ۔ جس پر جیل حکام نے جواب دیا کہ انہیں لینے اسپتال گئے تھے مگر وہاں سے میڈیکل سرٹیفکیٹ دے دیا گیا۔ عدالت نے سوال کیا کہ ہم نے انورمجیدکامیڈیکل سرٹیفکیٹ بنانے والے ڈاکٹرکوبلایاتھاوہ کہاں ہیں۔

(جاری ہے)

یہ روایتی میڈیکل سرٹیفکیٹ ہے،پہلے والے میں اضافہ کرکے بھیج دیاگیا ہے۔عدالت کے سوال کرنے پر انور مجید کے وکیل نے بتایا کہ انورمجیدکودل کے عارضے سمیت دیگربیماریاں لاحق ہیں، انورمجیدکادل صرف23فیصدکام کررہاہے۔ وکیل کے جواب پر عدالت کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بیماری نہیں کہ انورمجیدچل پھرنہ سکتے ہوں۔عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ملزم کوبٹھانے کاعدالت کوکوئی شوق نہیں،اس نوعیت کی بیماریاں ہرچوتھے شہری کوہیں۔

آپ کہتے ہیں انورمجیدکودل کاعارضہ ہے، اب تودل کاآپریشن کرکے ایک ہفتے میں ڈسچارج کردیتے ہیں۔یہ بتائیں انورمجیدکوایک ماہ سے کیوں رکھا ہواہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ کیس میں کسی بھی صورت التوا نہیں چاہتے۔جواب میں ملزم کے وکیل نے کہا کہ ذاتی معالج نے طبعیت کی خرابی کے باعث اسٹنٹ نہیں ڈالا، انورمجیدکوطبیعت خرابی کے باوجودجیل لے جانے سے مزیدخراب ہوئی۔

وکیل کے جواب پر عدالت کا موقف تھا کہ ڈاکٹرکووضاحت کیلیے بلایا تھابیماری کے بارے میں آگاہ کریں۔ ساتھ ہی ساتھ عدالت نے ان کے وکیل کو حکم دیا کہ آپ انورمجیدکا دستخط شدہ وکالت نامہ جمع کرائیں۔ ہمیں انورمجیدکے وکالت نامے اورکیس آگے چلنے سے غرض ہے۔عدالت نے ملزمان کے وکلا کومقدمات کی نقول فراہم کرتے ہوئے آئندہ سماعت 6دسمبرتک ملتوی کردی۔

عدالت نے عندیہ دیا کہ آئندہ سماعت پرملزمان پرفردجرم عائدکی جائے گی۔یاد رہے کہ قومی ادارہ امراض قلب کے سی سی یو میں زیرعلاج اومنی گروپ کے مالک انورمجید کو ڈاکٹروں نے ایک ماہ قبل فوری طور پر اوپن ہارٹ سرجری کی تجویز دی تھی۔اس حوالے سے ترجمان این آئی سی وی ڈی کا کہنا تھا کہ انور مجید کے دل کا ایک والو بھی تبدیل کرنا ہوگا، انور مجید کے اہل خانہ کو صورت حال سے آگاہ کردیا گیا تھا کہ اگران کے اہل خانہ انورمجید کا علاج کہیں اور کرانا چاہیں تو کراسکتے ہیں۔