کراچی میں کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈائون

منگل 20 نومبر 2018 22:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) کراچی میں کم عمر ڈرائیورز کے خلاف ٹریفک پولیس نے کریک ڈاون شروع کر دیا ہے۔ شہر کے مختلف ٹریفک سیکشنز کی پولیس نے درجنوں بچوں کو حراست میں لے کر موٹرسائیکلیں ضبط کرلیں۔اعلی پولیس حکام کے ہدایت پر کراچی میں میٹروپول پر واقع کینٹ ٹریفک سیکشن پولیس نے تین طالب علموں سمیت 8بچوں کو حراست میں لے کر موٹرسائیکلیں ضبط کیں جن میں سے دو کم عمر ڈرائیور کو جرمانہ کرنے کے بعد ان کے والدین کے حوالے کیا۔

(جاری ہے)

ٹریفک سیکشن کینٹ کے انچارج انسپکٹر مہتاب کے مطابق کم عمر بچے حادثات کا سبب بھی بن رہے ہیں جس میں کئی کا جانی نقصان بھی ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ مہم جاری ہے اور اب تک اسکولوں کے 3 طالب علم سمیت آٹھ بچوں کو حراست میں لیا ان کی موٹرسائیکلیں ضبط کر لیں اور انہیں جرمانے کئے گئے۔پولیس نے ان بچوں کو ٹریفک سیکشنز میں بٹھا رکھا تھا اور فون کر کے ان کے والدین کو بلوایا گیا۔دو بچوں کے والدین نے خود ٹریفک سیکشن پہنچ کر بچوں کو کیے گئے جرمانوں کے چالان جمع کرائے پولیس سے معذرت کی اور بچے اور موٹر سائیکل لے کر چلے گئے۔