سپریم کورٹ نے خیبرپختونخواحکومت اور ٹھیکے داروں کے مابین اجناس کی قیمت کے تنازع کے بارے کیس کی سماعت ملتوی کر دی

بدھ 28 نومبر 2018 22:32

سپریم کورٹ نے خیبرپختونخواحکومت اور ٹھیکے داروں کے مابین اجناس کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2018ء) سپریم کورٹ نے خیبرپختونخواحکومت اور ٹھیکے داروں کے مابین اجناس کی قیمت کے تنازع کے بارے میں صوبائی حکومت سے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف تاخیر سے اپیل دائر کرنے کی وجوہات طلب کرلی ہیں اورکیس کی مزیدسماعت دسمبر کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے کہاہے کہ خیبر پختوانخواکی حکومت اس طرح کے مسائل پر اپنی بے بسی کااظہارکرنے کی بجائے عملی اقدامات کرے ۔

.بدھ کوجسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔. اس موقع پرکنٹریکٹرز کے وکیل نے پیش ہوکر عدالت کو تنازع کے حوالے سے آگاہ کیا کہ2007-08 ء میں صوبائی حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کو کراچی سے پشاور اجناس لانے کا ٹھیکہ دیا گیا تھا، بعدازاں ٹھیکے داروں کوکرایوں میں 41 فیصد اضافی کے ساتھ ٹھیکے میں ایک سال کی توسیع دی گئی ہے لیکن اس کے باوجود دمیرے موکلان، جو پشاور سے چترال غلہ لے کر جا تے ہیں ان کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا گیا، جس سے ان کونقصان اٹھاناپڑ رہا ہے ، ان کامزید کہناتھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل زائدالمیعاد ہے، اس لئے اپیل خارج کی جائے جس پرجسٹس گلزار احمد نے کہاکہ مسائل توآتے رہتے ہیں لیکن صوبائی حکومت ایسے مسائل میں اپنی بے بسی کااظہارنہ کرے بلکہ فیصلے کئے جائیںکیونکہ آپ ریاست ہیں آپ کے سامنے کوئی کھڑا نہیں ہو سکتا ، فاضل جج نے مزید کہاکہ ایسے معاملات میںکلرک، افسر اور منشی سب ملے ہوئے ہوتے ہیں ، اورپیسے لے کر تاخیری حربے استعمال کئے جاتے ہیں، یہ لوگ ہزار ہزار روپے لے کر معاملات حل کرا دیتے ہیں،جسٹس گلزار حمد نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ عدالت کوبتایا جائے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے اپیل تاخیر سے کیوں دائرکی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

عدالت کواپیل تاخیرسے دائرکرنے کی ٹھوس وجوہات پیش کی جائیں ورنہ عدالت اپیل خارج کردے گی۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے عدالت سے استدعاکی کہ اپیل کے تاخیرسے دائر ہونے کے حوالے سے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت دی جائے ،عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کی استدعا منظورکرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کر دی۔