Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پہلے 100 روز میں ملک کی معاشی سمت درست کر دی ہے،

ہم آئی ایم ایف کے پیچھے نہیں چھپیں گے، صرف ان شرائط پر ہی معاہدہ ہو گا جو ملکی مفاد میں ہوں گی، خسارے میں چلنے والے اداروں کی بہتری، ٹیکس نظام کو درست کرنا، نوجوانوں کو روزگار اور عوام کو صحت، تعلیم اور چھت جیسی سہولیات فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہے، جامع پالیسیاں ترتیب دیدی گئی ہیں، ملک میں چھ ہزار ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گنجائش پیدا کی جائے گی وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے کنونشن سنٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعرات 29 نومبر 2018 20:30

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2018ء) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پہلے 100 روز میں ملک کی معاشی سمت درست کر دی ہے، ہم آئی ایم ایف کے پیچھے نہیں چھپیں گے، صرف ان شرائط پر ہی معاہدہ ہو گا جو ملکی مفاد میں ہوں گی، ہماری ترجیحات میں خسارے میں چلنے والے اداروں کی بہتری، ٹیکس نظام کو درست کرنا، نوجوانوں کو روزگار اور عوام کو صحت، تعلیم اور چھت جیسی سہولیات فراہم کرنا شامل ہے، جامع پالیسیاں ترتیب دیدی گئی ہیں، ملک میں چھ ہزار ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گنجائش پیدا کی جائے گی۔

وہ حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے جمعرات کو کنونشن سنٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن اور پاکستان تحریک انصاف کے منشور کے بارے میں اعتراض کیا جا رہا تھا کہ یہ پورا نہیں ہو سکتا، تاہم ہم نے دن رات محنت سے ملک کی سمت درست کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی تو اس وقت بجٹ خسارہ 2300 ارب روپے تھا، اس دن ماہانہ بیرونی خسارہ 2 ارب روپے تھا جو پچھلے تین ماہ میں آدھا رہ گیا ہے، اسے مزید کم کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ ہم نے مشکل معاشی حالات میں آئی ایم ایف اور دوست ممالک سے رجوع کیا ہے، اس سلسلے میں ایک بات بالکل واضح ہے کہ ہم آئی ایم ایف کے پیچھے نہیں چھپیں گے، صرف ان شرائط پر ہی آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو گا جو ملکی مفاد میں ہوں گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم نے ملک میں سادگی اور ایثار کے حوالے سے جس سوچ کو اختیار کیا ہے اس سے ملک ضرور بدلے گا، حکومت نے اپنے پہلے 100 دنوں میں ملک کی سمت درست کی ہے۔

وزیر خزانہ نے اس موقع پر ملکی معیشت اور عوام کی بہتری کے لئے کئے گئے اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں کے تعین میں غریب عوام کو پیش نظر رکھا گیا ہے اور ان پر بوجھ نہیں بڑھایا گیا، ٹیکس ان لوگوں پر لگایا گیا ہے جن کی آمدنی زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیحات میں خسارے میں چلنے والے اداروں کی بہتری، ٹیکس نظام کو درست کرنا، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی، عوام کو صحت، تعلیم اور چھت جیسی سہولیات فراہم کرنا شامل ہیں، اسی طرح زراعت، ماحولیات اور سیاحت کی ترقی کے لئے بھی جامع پالیسیاں بنائی گئی ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں چھ ہزار ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گنجائش پیدا کی جائے گی، زراعت کی اہمیت کے پیش نظر کاشتکاروں کے لئے قرضے کی رقم بڑھائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ پاکستان کمپنی کی منظوری دیدی گئی ہے جس کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے، دنیا کے بہترین پروفیشنلز کی خدمات حاصل کر کے ان اداروں کو کامیاب اور فعال بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ، گرین پاکستان پروگرام اور سماجی تحفظ و سیاحت کی ترقی کے منصوبوں سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے جس سے ایک کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دینے کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہونے والی تمام تر سازشوں کے باوجود میں یہ بات بہت وثوق سے کہتا ہوں کہ یہ ملک کبھی بھی ناکام نہیں ہو سکتا کیونکہ یہ ہمارے اکابرین کی قیادت اور عوام کی قربانیوں کے علاوہ اللہ کی دین بھی ہے، اس کا ثبوت یہ ہے کہ یہ 27 رمضان المبارک کو وجود میں آیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات