Live Updates

ْوفاقی وزیر پانی و بجلی عمرگوہر ایوب سے بلوچستان کے وزیر صحت میر نصیب اللہ مری کی ملاقات

کوہلو گریڈ اسٹیشن 1013میگاواٹ کے ٹرانسفارمر کو اپ گریڈ کرکے 2026میگاواٹ کا ٹرانسفارمر کیا جائے گا،وفاقی وزیر

جمعہ 30 نومبر 2018 22:56

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2018ء) وفاقی وزیر پانی و بجلی عمرگوہر ایوب سے جمعہ کواسلام آباد میں بلوچستان اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری نے کوہلو کے بجلی سے متعلق مسائل سے وفاقی وزیر پانی و بجلی عمر گوہر ایوب کو تفصیلی طور پرآگاہ کیا۔

وفاقی وزیر عمر گوہر ایوب نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کوہلو گریڈ اسٹیشن 1013میگاواٹ کے ٹرانسفارمر کو اپ گریڈ کرکے 2026میگاواٹ کا ٹرانسفارمر کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کے دیرینہ اور حل طلب مسائل حل کرنے کیلئے فوری اور عملی اقدامات اٹھارہی ہے ا س سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوہلو کے بجلی سے متعلق مسائل کو فوری طورپر حل کردیا جائے گا اور جن علاقوں میں بجلی دستیاب نہیں ہے وہاں جلد بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیرصحت نے وفاقی وزیر عمر گوہر ایوب کی جانب سے کوہلو کے بجلی سے متعلق مسائل فوری طورپر حل کرنے کی یقین دہانی کرانے پر انکا اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی سے ملاقات کے دوران بھی معاملے کواٹھایا تھا اورانہوں نے بھی مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات