ڈی پی او ہری پور ڈاکٹر زاہد الله کی جانب سے کوٹ نجیب الله تھانہ میں کھلی کچہری کا انعقاد

جرائم پیشہ افراد سے رعایت نہیں برتی جائے گی، قانون کی عمل داری ہماری اولین ترجیح ہے۔ ڈاکٹر زاہدالله

ہفتہ 1 دسمبر 2018 12:50

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2018ء) ڈی پی او ہری پور ڈاکٹر زاہد الله کی جانب سے کوٹ نجیب الله پولیس سٹیشن میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل ایس پی ہیڈ کوارٹر ذوالفقار خان جدون، ڈی ایس پی سرکل خانپور امجد خان، بلدیات و میڈیا کے نمائندگان اور اہلیان علاقہ کی کثیر تعداد بشمول خواتین نے شرکت کی۔ ڈی پی او ہری پور نے کھلی کچہری میں معززین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ کی ہدایت پر آپ کی دہلیز پر تشریف لائے ہیں تاکہ آپ کے مسائل کو سن کر ان کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔

عوام کے مسائل کو بروقت حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لا کر آپ کے لئے ہر ممکن آسانیاں پیدا کریں گے۔

(جاری ہے)

دوران کھلی کچہری شرکاء نے پیشہ ور بھکاریوںکی بہتاب، اوور لوڈنگ، کم عمر موٹر سائیکل رائیڈرز، شادی بیاہ پر لائوڈ سیپکر کے استعمال، آتش بازی و ہوائی فائرنگ، پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں زائد کرایہ وصولی، لیزان کمیٹوں کو مزید فعال اور خواتین کو شامل کرنے سمیت دیگر مسائل و تجاویز سے ڈی پی او ہری پور کو آگاہ کیا اور منشیات فروشی کے خاتمہ پر مقامی پولیس کی کاوشوں کو سراہا اور امن و امان کے قیام کیلئے خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

ڈی پی او ہری پور نے مسائل کی درست نشاندہی پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جرائم پیشہ افراد سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ قانون کی عمل داری اور غیر جانبداری ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ٹریفک انچارج کو ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اور زائد کرایہ جات وصول کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایچ او تھانہ کوٹ نجیب الله ہوائی فائرنگ و لائوڈ سپیکر کا استعمال کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائیاں کریں۔ پیشہ ور بھکاریوں کو کسی صورت تھانہ کی حدود میں مت چھوڑیں، عوام کے ساتھ اچھے اخلاق اور رویہ سے پیش آئیں اور تمام سائلین کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کریں، لوکل مسائل کے حل کے لئے لیزان کمیٹیوںکے ممبران کو ساتھ ملائیں تاکہ چھوٹے موٹے معاشرتی مسائل تھانہ کی سطح پر حل ہو سکیں۔

ڈی پی او ہری پور نے اپنا کمپلین نمبر 0320007550 بھی شرکاء کے ساتھ شیئر کیا اور یقین دلایا کہ کسی بھی مسائل کی بروقت نشاندہی کریں، ہم بلا تفریق قانون کی عمل داری کو یقینی بنائیں گے اور پبلک لیزان کونسل میں خواتین ممبران کو شامل کیا جائے گا تاکہ خواتین کے مسائل کو مساوی و ترجیح بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔