جامعہ کشمیر،کالجز میں بی ایس پروگرام کے آغاز پر معلوماتی ورکشاپ

چار سالہ پروگرام اور سمسٹر امتحانی نظام کیلئے کالج اساتذہ کیلئے یہ ورکشاپ انتہائی اہمیت کی حامل ثابت ہو گی،وائس چانسلر آزادکشمیر یونیورسٹی نے ہمیشہ تعلیم کے معیار کو بہتر سے بہترین کی طرف لے جانے میں کلیدی کردار ادا کیا،پروفیسر ڈاکٹر کلیم عباسی

پیر 3 دسمبر 2018 22:02

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2018ء) آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ کوالٹی انہانسمنٹ سیل (کیو ای سی) کے زیر ِ اہتمام 5 روزہ تربیتی ورکشاپ بعنوان ’’ آگاہی بی ایس چار سالہ پروگرام و سمسٹر نظام ِ امتحان ‘‘ الحاق شدہ کالجز کے فیکلٹی ممبران کو کروائی گئی ۔ جس کا بنیادی مقصد ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے آنے والے وقت میں کالجزمیں بی ایس4سالہ پروگرام کو بطریق احسن چلانا ہے ۔

ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہا کہ جامعہ کشمیر کے زیر اہتمام کالجز میں بی ایس پروگرام کے آغاز سے قبل کالج اساتذہ کیلئے یہ ورکشاپ انتہائی اہمیت کی حامل ثابت ہو گی،شعبہ کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے زیر اہتمام اس طرح کی ورکشاپس کا اہتمام کیا جاتا ہے جو کہ نظام تعلیم ،ْ کوالٹی کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، جامعہ کشمیر نے ہمیشہ اپنی روایت برقرار رکھی ہے جس میں تعلیم کے معیار پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ۔

(جاری ہے)

ہم پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم قوم کے معماروں کے مستقبل کا فیصلہ کرتے ہیں کل کیا ہو گا اس کا فیصلہ آج کرنا ہے ۔ ہم نے معیار تعلیم کو اس قدر بہتر بنانا ہے کہ ہمارے اداروں سے فارغ التحصیل طلباء /طالبات اپنی محنت کارکردگی کی بنیاد پر اپنا لوہا منوا سکیں ۔ وہ جہاں بھی جائیں جامعہ کشمیر کے علاوہ والدین ،ْ اساتذہ ،ْ بلکہ پوری قوم کا نام روشن کر سکیں ۔

ہم الحاق شدہ کالجز میں بی ایس چار سالہ پروگرام میں کالجز کی مکمل راہنمائی کریں گے ۔ جامعہ کشمیر نے کبھی بھی رولز پر سمجھوتہ نہیں کیا ۔تمام الحاق شدہ کالجزکی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ انہی رولز کو نافذ کریں،وائس چانسلر نے مزید کہا کہ اس ورکشاپ کے انعقاد کیلئے جامعہ کشمیرکے شعبہ QECکا بنیادی کردار ہے ،اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے QECکے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹرمحمد رفیق ،ْ ڈپٹی ٰ ڈائریکٹر عمران مقبول عباسی اور جملہ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسی ورکشاپس ،ْ سمینار ہونے ازحد ضروری ہیں تاکہ نظام تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کی جا سکے ۔

ورکشاپ میں ڈائریکٹر اکیڈمکس ہائر ایجوکیشن کمیشن سلیمان احمد ،ْ پروفیسر ڈاکٹر طاہرہ مغل ،ْ کنٹرولر امتحانات لاہور کالج برائے ویمن یونیورسٹی ،ْ ڈاکٹر محمد سعید ایسوسی ایٹ پروفیسر ،ْ چیئرمین ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب یونیورسٹی لاہو ر کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی سے الحاق شدہ کالجز کے اساتذہ کرام نے بھرپور شرکت کی، شرکا نے جامعہ کشمیر کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ ایسی ورکشاپس کا انعقاد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

اس سے تعلیمی نظام معیاری کیا جا سکتا ہے ،اساتذہ نے ورکشاپ کو سراہاتے ہوئے کہا کہ جامعہ کشمیر نے ہمیشہ تعلیم کے معیار کو بہتر سے بہترین کی طرف لے جانے میں کلیدی کردار ادا کیا اور ایسی ورکشاپس ،ْ سمینار آگاہی کا اہتمام کیا جس سے نہ صرف تعلیم میں بہتری آئی وہاں ہی فیکلٹی ممبران ،ْ ملازمین کی استعداد کار میں بہتری آئی ۔انہوں نے امیدکا اظہار کیا کہ آئندہ بھی جامعہ کشمیر اپنی پالیسی کو برقرار رکھتے ہوئے ایسی آگاہی ورکشاپس کا انعقاد کرے گی،شرکا نے کالجز میں چار سالہ بی ایس پروگرام کو چلانے کے لیے مکمل یقین دہانی بھی کروائی ۔

اس کے علاوہ چار سالہ پروگرامز کے قوانین کو کالجز کے اندر نافذ کرنے سمیت دیگر اہم امور پر بھی سیرحاصل بات ہوئی ۔ یونیورسٹی کی جانب سے جملہ الحاق شدہ کالجز میں بی ایس چار سالہ پروگرامز کو چلانے میں حائل تمام مشکلات کو دور کرنے میں معاونت کا بھی فیصلہ کیاگیا۔آخر میں ورکشاپ میں شریک اساتذہ میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔