کشمیر کا مسئلہ پاکستان میں سیاست سے بالاتر ہے، تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر کے حل پر متفق ہیں، وزارت خارجہ اقوام متحدہ میں کنونشن منعقد کرانے کی درخواست کرے جس میں کشمیر پر آواز بلند کرنے کے ساتھ پیلٹ گنز کے استعمال پر پابندی کا مطالبہ کیا جائے، آسیہ انداربی کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت الله بابر کا سٹوڈنٹ آف کشمیر ساگا اور ڈریم پاکستان کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب

منگل 4 دسمبر 2018 21:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت الله بابر نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان میں سیاست سے بالاتر ہے، تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر کے حل پر متفق ہیں، وزارت خارجہ اقوام متحدہ میں کنونشن منعقد کرانے کی درخواست کرے جس میں کشمیر پر آواز بلند کرنے کے ساتھ پیلٹ گنز کے استعمال پر پابندی کا مطالبہ کیا جائے، آسیہ انداربی کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو حریت رہنما آسیہ اندرابی کو خراج تحسین پیش کرنے کے حوالہ سے سٹوڈنٹ آف کشمیر ساگا اور ڈریم پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان میں سیاست سے بالاتر ہے، ہمارے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کا منشور مختلف ہے، انداز سیاست مختلف ہے مگر کشمیر کے مسئلہ پر سب متفق ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی منزل آزادی ہے اور یہ بات طے ہے کہ کشمیر کو آزادی ملنی ہے کیونکہ دنیا میں جہاں بھی حریت پسند موجود ہوں وہ اپنی منزل تک پہنچ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی کی کشمیر میں جدوجہد نے نوجوان نسل میں نئی روح پھونک دی ہے اور نوجوانوں میں آزادی کا جذبہ دن بدن بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی آزادی کیلئے تحریک میں نوجوان اور خواتین شامل ہو جائیں کامیابی ان کی منزل ہوتی ہے، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے بھی کشمیر میں مظالم کو تسلیم کرتے ہوئے رپورٹ جاری کر دی ہے، اقوام متحدہ کے وفد کو مقبوضہ کشمیر میں دورہ کی اجازت نہیں ملی جو افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کو اقوام متحدہ میں کنونشن منعقد کرانے کی درخواست کرنی چاہئے جس میں کشمیر پر آواز بلند کرنے کے ساتھ پیلٹ گنز کے استعمال پر مکمل پابندی کا مطالبہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی حقیقت پر مبنی ہے اور کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی کشمیریوں کیلئے ایک توانا آواز ہیں جس نے آزادی کا جذبہ جوان رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے ہر پلیٹ فارم پر کشمیر کے مؤقف کی تائید کرتی ہے اور ہر سطح پر اس کو اجاگر کرتی ہے۔ اس موقع پر بھارت میں سابق ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا کہ آسیہ اندرابی کی جدوجہد نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہے، وہ آزادی کیلئے طویل جنگ لڑ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا۔

انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد جدوجہد آزادی مزید تیز ہوئی ہے اور بحیثیت پاکستانی ہمیں اس بات پر سوچنا چاہئے کہ ہم بھی کشمیریوں کے ساتھ انصاف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مختلف ہتھکنڈوں سے آزادی کا جذبہ ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو رائیگاں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا مؤقف اقوام عالم کے سامنے ڈٹ کر پیش کرنا چاہئے، صرف تعزیتی بیان، مذمت، سیمینار کے انعقاد، 5 فروری اور 27 اکتوبر کی تقریبات سے کشمیر آزاد نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بھارت کے طویل المدتی عزائم سے واقف ہونا چاہئے، وہ وقت کے ساتھ ہمارے لئے مزید مسائل پیدا کرتا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کیلئے ہمیں پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز سے اجاگر کرنا ہو گا۔ اس موقع پر عبدالله حمید گل نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے جس پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں برہان وانی جیسے لوگ پیدا ہوتے رہیں گے وہاں قربانی کا جذبہ کم نہیں کیا جا سکتا۔ اس موقع پر فیض نقشبندی، عفیفہ اشفاق اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور آسیہ اندرابی کی خدمات کو سراہا۔