پشین کے مڈل اسکول کو عملے نے منی پرپٹرول پمپ میں تبدیل کر دیا ،ْ پٹرول اور ڈیزل کی فروخت کا انکشاف

جمعہ 7 دسمبر 2018 15:18

پشین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2018ء) صوبہ بلوچستان کے ضلع پشین کے ایک مڈل اسکول کو عملے نے منی پیڑول پمپ میں تبدیل کردیا، جہاں سے بڑے پیمانے پر پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔اس بات کا انکشاف جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی اور سابق گورنر بلوچستان سید فضل آغا کے اسکول کے اچانک دورے کے موقع پر ہوا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق جب رکن اسمبلی پشین کے گورنمنٹ مڈل اسکول منظری پہنچنے تو وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ اسکول میں بچوں کو تعلیم دینے کے بجائے عملے نے اسکول کو منی پیڑول پمپ میں تبدیل کر رکھا ہے اور وہاں سے بڑے پیمانے پر پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔رکن بلوچستان اسمبلی نے اس صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ساتھ دورے پر آنے والے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر پشین کلیم اللہ کو عملے کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔