سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کا چالان کرنے پر ایس ایس پی ٹریفک ساؤتھ کا تبادلہ کر دیا گیا

ایس ایس پی ٹریفک ساؤتھ نے گذشتہ روز موسیٰ گیلانی کی گاڑی کا چالان کیا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 8 دسمبر 2018 12:27

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کا چالان کرنے پر ایس ایس پی ٹریفک ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2018ء) : سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے موسیٰ گیلانی کا چالان کرنے پر ایس ایس پی ٹریفک ساؤتھ کا تبادلہ کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک ساؤتھ آصف بگھیو کا تبادلہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ ٹو میں کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ شاہراہ فیصل پر میٹرو پُل کے قریب فینسی نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔

یہ کریک ڈاؤن ساؤتھ زون پولیس کی جانب سے کیا جا رہا ہے، گذشتہ روز سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے موسیٰ گیلانی کی لینڈ کروزر کو بھی روکا گیا۔ موسیٰ گیلانی کی گاڑی پر کالے شیشے اور سابق وزیراعظم پاکستان کی فینسی نمبر پلیٹ بھی لگی ہوئی تھی۔ ٹریفک پولیس اہلکار نے گاڑی سے فینسی نمبر پلیٹ اُتاری جبکہ موسیٰ گیلانی کو پانچ سو بیس روپے کا چالان بھی تھما دیا۔

(جاری ہے)

یہ چالان کالے شیشوں اور فینسی نمبر پلیٹ کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے موسیٰ گیلانی نے کہا کہ میرا چالان ہوا مجھے بہت اچھا لگا ، میں صرف وزٹ کے لیے کراچی آیا تھا اور ابھی میری فلائٹ بھی ہے لیکن میں چالان کی ادائیگی کے لیے رُکا ہوا ہوں۔یہ گاڑی بھی میری نہیں بلکہ میرے دوست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس کی گاڑی ہے میں نے سب سے پہلے اُسے فون کیا اور ہدایت کی کہ تم اپنی گاڑی سے کالے شیشے ہٹاؤ۔

موسیٰ گیلانی کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس نے میرا چالان کر کے یہ ثابت کر دیا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے، میں یہاں کھڑا ہوں اور اپنی چالان ٹکٹ لے کر جاؤں گا۔ لیکن کچھ وقت کے بعد ہی ایس ایس پی ٹریفک ساؤتھ کا تبادلہ کر دیا گیا جو مبینہ طور پر موسیٰ گیلانی کا چالان کرنے کی وجہ سے کیا گیا۔