Live Updates

بھارت میں نوجوت سنگھ سدھو کے سر کی قیمت کا اعلان اور بھارت چھوڑنے کی دھمکی

پاکستانیوں نے نوجوت سنگھ سدھو کو بھارت چھوڑ کر پاکستان آ کر رہنے کا مشورہ دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 8 دسمبر 2018 14:48

بھارت میں نوجوت سنگھ سدھو کے سر کی قیمت کا اعلان اور بھارت چھوڑنے کی ..
ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2018ء) : بھارت میں انتہا پسند تنظیم نے پاکستان کی تعریف کرنے پر اپنے ہی وزیر نوجوت سنگھ سدھو کے سر کی قیمت مقرر کر دی۔ یہی نہیں بلکہ نوجوت سنگھ سدھو کو بھارت چھوڑنے کی دھمکیاں بھی موصول ہو رہی ہیں۔ بھارت کی ایک انتہا پسند تنظیم ہندو یووا واہنی نے نوجوت سنگھ سدھو کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کی۔

بھارتی انتہا پسند تنظیم کے اس بیان کے بعد پاکستانیوں نے نوجوت سنگھ سدھو کو پاکستان آکر رہنے کا مشورہ دے دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر نوجوت سنگھ سدھو بھارت چھوڑ کر پاکستان آجائیں تو ہم انہیں خوش دلی سے خوش آمدید کہیں گے۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے نوجوت سنگھ سدھو کو پاکستان آنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ اگر نوجوت سنگھ سدھو کو بھارت چھوڑنا بھی پڑا تو ان کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

وہ پاکستان آ کر بآسانی رہ سکتے ہیں اور یہاں انہیں کوئی تکلیف بھی نہیں ہو گی۔ کچھ صارفین نے اس معاملے پر بھارت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بھارت مذاکرات سے خوفزدہ ہے۔ پاکستان مذاکرات کرنےکی چاہے کتنی بھی کوشش کر کے بھارت اپنی ہٹ دھرمی پر بضد ہے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ بھارت کے برعکس پاکستان ایک پُر امن ملک اور محبت کا گہوارہ ہے جہاں غیر ملکیوں کو عزت اور پیار بخشا دیا جاتا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ بھارت چھوڑ کر پاکستان آنے پر ہم نوجوت سنگھ سدھو کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیں۔ جبکہ کچھ صارفین نے تو پاکستانی حکومت کو نوجوت سنگھ سدھو کو شہریت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ ۔یاد رہے کہ بھارتی وزیر نوجوت سنگھ سدھو کے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے کے بعد سے ہی بھارتی میڈیا نے ان کے خلاف زہر اُگلنا شروع کر دیا جس کے بعد کرتارپور راہداری کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں مرکزی مہمان کے طور پر شرکت کرنے پر بھی نوجوت سنگھ سدھو کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

حال ہی میں بھارتی پنجاب کے شہر لدھیانہ میں وزیراعلیٰ امریندر سنگھ کی حمایت میں ہورڈنگز آویزاں کر دئے گئے ہیں۔یہ ہورڈنگز پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ کے حامی کانگریس کے کارکنوں کی جانب سے لگائے گئے۔ ہورڈنگز پر ’’پنجاب دا کیپٹن، ساڈا کیپٹن‘‘ کی تحریر کے ساتھ بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ، راہول گاندھی اور سونیا گاندھی کی تصاویر بھی لگائی گئی ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے کرتارپور راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب میں نوجوت سنگھ سدھو کی شرکت اور پاکستان جانے کی مخالفت کی تھی۔ جس پر نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ ’’میرے کپتان راہول گاندھی ہیں‘‘جبکہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ ’’آرمی کے کپتان ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ میرے دورہ پاکستان کی مخالفت وزیراعلیٰ پنجاب امریندر سنگھ نے کی تھی، کانگریس پارٹی نے نہیں۔

گذشتہ دنوں راجستھان میں ایک جلسے کے دوران نوجوت سنگھ سدھو نے مودی اور یوگی ادتیہ ناتھ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انتہا پسند تنظیم کا کہنا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو پاکستان کی تعریف کرتے ہیں انہیں چاہئیے کہ چُپ چاپ واپس پاکستان ہی لوٹ جائیں بصورت دیگر ان کو بھارت میں بھی رہنے نہیں دیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات