کینیڈا کی یونیورسٹی آف مانی توبا اور انڈس ہاسپٹل کے درمیان کلینکل مشقوں کے ایک ہفتے کے انعقاد کے لئے معاہدے پردستخط

ہفتہ 8 دسمبر 2018 19:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2018ء) کینیڈا کی یونیورسٹی آف مانی توبا اور انڈس ہاسپٹل آف پاکستان کے درمیان کلینکل مشقوں کے ایک ہفتے کے انعقاد کے لئے معاہدے پردستخط ہوئے ہیں۔ ہفتہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق اس معاہدے پر دستخط ڈاکٹر راشد احمد اور ڈاکٹر رابعہ شہاب کی کوششوں کا نتیجہ ہیں جو کینیڈا پاکستان ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل کے رکن ہیں۔

معاہدے سے پاکستان اور کینیڈا کے اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ ملے گا اور پاکستان میں کلینیکل ٹرائل کو استحکام حاصل ہو گا۔ بعد ازاں اس تعاون کو ہیپاٹائٹس، ذیابیطس اور کینسر جیسی بیماریوں کے علاج اور وجوہات کی مشترکہ تحقیق کے عمل میں تبدیل کیا جائے گا۔ کینیڈا کی یونیورسٹی آف مانی توبا کے محققین کی ایک ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

(جاری ہے)

کینیڈا پاکستان ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل نے ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل خانے کے اشتراک سے گزشتہ برس کوششوں کا آغاز کیا تھا جس میں پاکستانی نژاد سائنسدانوں کی کوششیں بھی شامل ہیں۔ یہ کونسل پاکستان اور کینیڈا کے درمیان سائنسی تحقیق کے تعاون کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اس کونسل کے قیام کے دیگر مقاصد میں اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف پر عملدرآمد کے لئے کینیڈا اور پاکستان کے اداروں کے درمیان تعاون کو بڑھانا بھی ہے جو کہ پاکستان کے قومی ترقی ایجنڈے کے ساتھ براہ راست منسلک ہے۔