نثار احمد کھوڑو کی زیر صدارت بینظیر بھٹو کی 27 دسمبر کوہونے والی گیارہویں برسی کے انتظامات کے متعلق اجلاس

برسی بھرپور طریقے سے منائی جائے گی، گڑھی خدابخش بھٹو میں جلسہ عام میںبلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے، نثار کھوڑو

ہفتہ 8 دسمبر 2018 20:51

نثار احمد کھوڑو کی زیر صدارت بینظیر بھٹو کی 27 دسمبر کوہونے والی گیارہویں ..
لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 27 دسمبر پر ہونے والی گیارہویں برسی کے انتظامات کے متعلق اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ محمد نعمان صدیق، ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش، میئر لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن محمد اسلم شیخ سمیت دیگر افسران و پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی27 دسمبر کو گیارہویں برسی منانے اور گڑھی خدابخش بھٹو میں بڑا جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ برسی انتظامات اور امن امان کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی اور میئر نے نثار احمد کھوڑو کو متعلق بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نثار احمد کھوڑو نے کہاکہ 27 دسمبر پر شہید بینظیر بھٹو کی گیارہویں برسی بھرپور طریقے سے منائی جائے گی، برسی کے موقعے ہر گڑھی خدابخش بھٹو میں بڑے جلسے عام کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے جبکہ جلسہ عام میں ملک بھر سے لاکھوں عوام شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ برسی اور جلسے کے انتظامات اور تیاریاں جاری ہیں برسی میں شرکت کرنے والوں کی سھولت کے لیے تمام انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ کے لیے چار زون بنائے جا رہے ہیں، گڑھی خدابخش بھٹو میں انٹری گیٹس پر 52 واک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے، جلسے میں آنے والے افراد کو واک تھرو گیٹس کے ذریعے معائنے کے بعد اندر چھوڑا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جلسے گاہ اور مزار کے اطراف سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے جن کی مدد سے مانیٹرنگ کی جائے گی، جلسے کے موقعے پر ٹریفک کی روانی کے لیے تین ایس ایس پی، دو اے ایس پیز اور 6 ڈی ایس پیز اور 7 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برسی سے تین دن قبل ہی گڑھی خدابخش کو لوڈشیڈنگ فری کیا جائے گا تاکہ برسی تقریبات خیر خوبی سے مکمل ہوں۔