گوگل میپ کے مطابق گاڑی چلانے کا انجام

گوگل میپ کو فالو کرتے ہوئے کار 30فٹ گہرے گڑھے میں جا گری، 3افراد زخمی ہو گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 10 دسمبر 2018 14:28

گوگل میپ کے مطابق گاڑی چلانے کا انجام
کریلا (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 دسمبر 2018ء) بھارت میں گوگل میپ کے مطابق چلنے والا ڈرائیور گہرے گڑھے میں جا گرا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ بھارت میں اپنی نوعیت کا ایک عجیب واقعہ پیش آیا ہے جہاں گوگل میپ کو فالو کرنے والے شخص کی کار 30فٹ گہرے گڑھے میں جا گری جس کے باعث تین افراد زخمی ہو گئے،حادثہ بھارتی ریاست کریلا میں پیش آیا تھا جہاں کار سوار تین دوست راستے میں پل کی تعمیر کی غرض سے کیے گئے 30فٹ گہرے گڑھے میں جا گرے۔

بتایا گیا ہے کہ ڈرائیور گوگل میپ کے ذریعے سے منتخب کیے گئے روٹ کے مطابق گاڑی چلا رہا تھا کہ اسے احساس ہوا کہ تاریکی کی وجہ سے آگے کوئی سڑک دکھائی نہیں دے رہی جس پر اس نے گاڑی کی رفتار کم کر لی لیکن اس وقت تک دیر ہو چکی تھی کیونکہ گاڑی گڑھے کے عین کنارے پر رکی تھی۔

(جاری ہے)

ڈرائیور نے فوری طور پر گاڑی کو واپس موڑنا چاہا تو اس دوران گاڑی پانی سے بھرے گڑھے میں جا گری۔

پانی 10فٹ گہر تھا اور پوری گاڑی پانی میں ڈوب چکی تھی اور تینوں دوست گاڑی کے اوپر چڑھ کر مدد کے لیے پکار رہے تھے۔تینوں افراد کی جانب سے چیخ وپکار سن کر مقامی افراد ان کی مدد کو پہنچے۔مقامی افراد نے تینوں دوستوں کو گڑھے سے باہر نکالا اس دوران تینوں کار سواروں کو چوٹیں بھی آئیں۔اس سے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ امریکی ریاست ورمونٹ میں جی پی ایس ایپ کی رہنمائی میں گاڑی چلانے والے شخص کی کرائے کی ایس یو وی یخ بستہ جھیل میں جاگری۔

گوگل کی خاتون ترجمان جولی موزلر نے اس حادثہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ راستوںکی رہنمائی کرنے والی ویز میپ نامی اپلیکیشن دستیاب معلومات کی بنیاد پر مسلسل اپ ڈیٹ کی جاتی ہے پھر بھی اس کے استعمال کرنے والے افراد ڈرائیونگ کے دوران اپنی آنکھیں کھلی رکھیں اور موجود موسمی اور دیگر حالات کو بھی مد نظر رکھ کر فیصلے کریں۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کے وقت اس علاقے میں بارش اور دھند تھی۔