Live Updates

فی الحال سرفراز احمد کے علاوہ کپتانی کیلئے کوئی آپشن نہیںموجود نہیں : انضمام الحق

اظہر علی اور اسد شفیق کو اب اپنے کھیل کا میعار بڑھانا ہوگا : چیف سلیکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 10 دسمبر 2018 14:35

فی الحال سرفراز احمد کے علاوہ کپتانی کیلئے کوئی آپشن نہیںموجود نہیں ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10دسمبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کپتان سرفراز احمد کی حمایت میں سامنے آگئے ،کہتے ہیں کہ سرفراز احمد کی اب تک کی پرفارمنس بہت اچھی ہے اور ان کے علاوہ ابھی کپتانی کےلئے کوئی اور آپشن موجود نہیں ہے ۔ ایک انٹر ویو کے دوران انضمام الحق نے کہا کہ نیوز ی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اوپنرز توقعات کے مطابق پرفارمنس نہیں دے سکے تھے لیکن اب اگلی سیریز میں کھلاڑیوں کو ذمہ داری نبھانا ہوگی، انہوں نے کہا کہ ٹیم چوتھی اننگز میں دباﺅ برداشت نہیں کر پارہی ہے ۔

انضمام الحق کا مزید کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ مصباح الحق اور یونس خان کے متبادل ملنا آسان نہیں ہے لیکن سینئر ترین بلے باز ہونے کے ناطے اب اظہر علی اور اسد شفیق کو اپنے کھیل کا معیار بڑھانا ہوگا۔

(جاری ہے)

انضمام الحق نے لیگ سپنر یاسر شاہ کی پرفارمنس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم انہیں ون ڈے ٹیم میں بھی موقع دے سکتے ہیں ،امید ہے کہ یاسر ٹیسٹ کرکٹ میں 500 وکٹیں حاصل کرے گا، بلال آصف کے علاوہ کوئی آف سپنر نظر نہ آنے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آف سپنر اب نایاب ہورہے ہیں۔

سابق ٹیسٹ کپتان کا مزید کہنا تھا کہ احسان مانی اور نجم سیٹھی کے کام کا طریقہ الگ الگ ہے، احسان مانی آئی سی سی کے صدر بھی رہ چکے ہیں اور کرکٹ کو سمجھتے ہیں، نجم سیٹھی نے کبھی ٹیم سلیکشن میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی اور احسان مانی بھی اس معاملے میں نیوٹرل ہیں ۔قومی ٹیم کے سلیکشن کے بارے میں سوال پر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی کپتان کی مشاورت کے بغیر ٹیم کے بارے میںاکیلے کوئی فیصلہ نہیں لیتی اور اس معاملے پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت سب ایک پیج پر ہی ہیں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف شیڈول سیریز سے متعلق چیف سلیکٹر نے کہا کہ محمد عباس پہلے ٹیسٹ کےلئے دستیاب ہوں گے اور امید ہے کہ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف کی گئی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے اس سیریز میں عمدہ پرفارم کرے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ کسی بھی کھلاڑی کے لیے کپتان کا اعتماد بہت فائدہ مند ہوتا ہے، میرے کیریئر میں عمران خان نے مجھے بہت سپورٹ کیا تھا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات