2019 ء کو پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کی آگاہی کا سال قرار دینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

پیر 10 دسمبر 2018 20:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2018ء) 2019ء کو پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کی آگاہی کا سال قرار دینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میںجمع کر ادی گئی ۔تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ 10د سمبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایاجاتا ہے۔

اس دن کو منانے کا مقصد بلاتخصیص مذہب، رنگ، نسل و جنس دنیا بھر میں انسانی حقوق کی قدر اور امن کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ تمام انسان یکساں طور پر بنیادی ضروریات اور سہولیات کے لحاظ سے حقوق کے حقدار ہیں۔ ہر انسان کو زندگی، آزادی، جایئداد، مذہبی، تعلیمی، کام کرنے اور دوسرے مذاہب کا خیال رکھتے ہوئے آزادی رائے کے حقوق حاصل ہیں۔

(جاری ہے)

حقوق و فرائض کو سمجھنا وقت کی ضرورت ہے ،کسی ایک کا حق دوسرے کا فرض ہے،حقوق و فرائض کی ادائیگی میں برداشت سب سے اہم عنصر ہے۔

قرارداد کے متن میں مزیدکہا گیا ہے کہ آئین پاکستان کا آرٹیکل 25 شہریوں کو بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ مطالبہ کیا ہے کہ سال 2019 کو پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کی آگاہی کا سال قرار دیا جائے اور اس سال کو ہر شہری کو بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے مختص کیا جائے۔ نیز اس سال پورے پاکستان میں حکومتی سطح پر بنیادی انسانی حقوق سے متعلق پروگرام اور سیمینار منعقد کرائے جائیں تاکہ عوام الناس حقیقی طور اپنے بنیادی انسانی حقوق سے آگاہ ہو سکیں۔