چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء کی زیر صدارت بلڈنگ کمیٹی کا اجلاس

بدھ 12 دسمبر 2018 23:19

مظفرآباد۔12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء کی زیر صدارت بلڈنگ کمیٹی کا اجلاس سپریم کورٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر جج جسٹس راجہ سعید اکرم خان ، جج سپریم کورٹ جسٹس غلام مصطفی مغل ، سیکرٹری تعمیرات و پی پی ایچ محمد ادریس عباسی نے شر کت کی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس مظفرآباد، ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس حویلی اور ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس نیلم کے حوالہ سے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری پی پی ایچ نے بتا یا کہ ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس مظفرآباد کی تعمیر کے لئے ٹینڈر اخبارات میں دے دیا گیا ہے۔ ضلع حویلی میں ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کے لئے اراضی کی موزونیت، عمارت کی تعمیر کے سلسلہ میں رپورٹ پیش کرنے کے لئے سیکرٹری تعمیرات نے مہلت طلب کی ۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے جلد از جلد رپورٹ اور عملی کارروائی کرنے کا حکم دیا ۔

چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کا ٹھیکہ کسی اچھی فرم کو دیا جائے اور جلد از جلد عمارت تعمیر کی جائے ۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ بار نیلم میں فرنیچر کی کمی اور عدالتی عمارت کے ساتھ منسلک کیفے ٹیریا کا معاملہ زیر غورآیا۔ فرنیچر کی فراہمی کے سلسلہ میں سیکرٹری تعمیرات نے ریوائز میزانیہ میں فرنیچر کی فراہمی کا یقین دلایا۔ اس کے علاوہ کیفے ٹیریا کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ جج نیلم کی سربراہی میں ایک کمیٹی کی تشکیل دینے اور کیفے ٹیریا کا انتظام و انصرام صدر ڈسٹرکٹ بار کو سونپے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کیفے ٹیریا کی آمدن بار کو جائے گی۔اجلاس میں شاردہ میں سول کورٹ کی عمارت کی تعمیر کے لئے اراضی کا حصول اور وکلاء کالونی کے لیئے اراضی کا حصول بھی زیر غور آیا۔ سیکرٹری تعمیرات عامہ نے اراضی کے حصول کے لئے محکمہ مال سے رجوع کرنے کی یقین دہانی۔چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر نے سیکرٹری تعمیرات سے مظفرآباد میں سٹیٹ چیف جسٹس ہاؤس اور سپریم کورٹ گیسٹ ہاؤس کی تعمیر کے سلسلہ میں کارروائی کی ہدایت کی ۔