اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا نام ای سی ایل میں شامل نہیں ہے

ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ نے انکشاف کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 13 دسمبر 2018 12:52

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا نام ای سی ایل میں شامل نہیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2018ء) : ایڈشنل سیکرٹری داخلہ نے انکشاف کیا ہے کہ حمزہ شہباز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل نہیں ہے۔ یہ انکشاف سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس مصطفی نواز کھوکھر کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر شیریں مزاری دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر کے انسداد تشدد بل پر غور کیا گیا۔ شیریں مزاری نے کہا کہ حکومت نے اس بل کو دوبارہ اُٹھایا ہے اور اس میں ضروری ترامیم کر کے اس بلکو کابینہ سے منظور کروا کر قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔ کمیٹی نے ایک ماہ میں بل مکمل کر کے اسمبلی میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی، اجلاس میں ای سی ایل میں نام شامل کروانے کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔

(جاری ہے)

مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ ای سی ایل میں نام شامل کرنے کے حوالے سے بہت سی بے ضابطگیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ایم این اے محسن داوڑ اورعلی وزیر کا نام بغیر کسی نوٹس کے ای سی ایل میں ڈال دیا گیا۔ عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے روکا جا رہا ہے۔ اپوزیشن لیڈرپنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو بھی جہاز سے آف لوڈ کر دیا گیا اور بتایا گیا کہ ان کا نام ای سی ایل میں شامل ہے۔

اس حوالے سے وضاحت کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ طارق سردارنے بتایاکہ حمزہ شہباز کانام ای سی ایل میں شامل نہیں ہے۔جس پرکمیٹی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اگر حمزہ شہباز کا نام ای سی ایل میں شامل نہیں تھا تو ان کو بیرون ملک سفر کرنے سے کیوں روکاگیا۔ ایڈیشنل سیکریٹری نے کہاکہ ای سی ایل کے علاوہ ایک اور لسٹ بھی ہے جس کو پی این آئی ایل کہا جاتا ہے، اس لسٹ کو ڈی جی ایف آئی اے بناتے ہیں۔

خفیہ ادارے کسی شخص کا نام پی این آئی ایل میں ڈلوا سکتے ہیں، اجلاس کے دوران عثمان کاکڑ نے کہاکہ ایف آئی اے قانون اور آئین کے نہیں بلکہ خفیہ ایجنسی کے تابع بنی ہوئی ہے۔ پاکستان میں اس وقت سول مارشل لا لگا ہوا ہے اور شہریوں کی بنیادی حقوق سلب کر لیے گئے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا تھا اور انہیں بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔