پیپلزپارٹی ضلع شرقی کا اجلاس ،27 دسمبر کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 11برسی کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا گیا

جمعرات 13 دسمبر 2018 20:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند کی زیر صدارت گزشتہ روز پیپلز سیکریٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں قائم مقام جنرل سیکریٹری سمیت سٹی ایریاز کے عہدیداران، ٹکٹ ہولڈرز اور ذیلی تنظیم کے صدر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں 27 دسمبر کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 11برسی کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقبال ساند کا کہنا تھا کہ آج پاکستان جس دوراہے سے گزر رہا ہے اس میں پیپلز پارٹی کے قائدین کو عوام شدت سے یاد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے 51 سالہ سیاست میں جب جب اقتدار حاصل کیا ملک اور قوم کے لئے ایسے بیج بوئے جس سے صدیوں تک مستفید ہوا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہمیشہ سے یہ وطیرہ رہا ہے کہ اس نے تاریخی کام سرانجام دیئے ہیں جس سے براہ راست غریب کو فائدہ پہنچا اور ملک اپنی درست سمت چلا ۔