یو ای ٹی لاہورمیں ٹریفک قوانین بارے آگاہی سیمینار ‘ٹریفک قوانین کی پابندی مہذب قوم کی پہچان ہے، سی ٹی او

جمعرات 13 دسمبر 2018 21:22

لاہور۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور اور سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے زیر اہتمام ’’ ٹریفک قوانین سے آگاہی‘‘ کے موضوع پر خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سیمینار میں چیف ٹریفک آفیسر جناب کیپٹن ریٹائرڈ ملک لیاقت علی، ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے سینئرافسران وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد سمیت فیکلٹی ممبران اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، سیمینارکا بنیادی مقصد یونیورسٹی کے طلبہ میں ٹریفک قوانین کی آگاہی کے حوالے سے رہنمائی کرنا تھا، سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسرکیپٹن ریٹائرڈ ملک لیاقت علی نے کہا کہ کسی بھی ملک میں تہذیب کا معیار سڑک پر پیش آنے والے رویے سے ہوتا ہے، ملکی ٹریفک ، عوام کے مجموعی رجحان کی ترجمان ہوتی ہے، بد قسمتی سے پاکستانی ٹریفک قوانین کی آگاہی اور ان پر عمل درآمد کرنے کے حوالے سے باقی قوموں سے بہت پیچھے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں ٹریفک حادثات میں ہونے والی اموات ، ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں ہونے والی اموات سے کہیں زیادہ ہیں، ملکی میڈیا کو بھی ٹریفک قوانین کی آگاہی کے حوالے سے اپنا خصوصی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا کہ ٹریفک قوانین کے حوالے سے طلباء اور اساتذہ پر مشتمل خصوصی ٹیمیں مرتب کی جائیںگی جو کہ ٹریفک ڈیپارٹمنٹ سے قوانین کے حوالے سے خصوصی تربیت حاصل کر کے یونیورسٹی میں کلاس کی سطح پر آگاہی فراہم کریگی، سیمینار میں ٹریفک ڈیپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے محمد معظم علی نے قوانین کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیا، جبکہ طلباو طالبات کی آسانی اور سہولت کیلئے ڈرائیونگ لائسنس بنانے کیلئے خصوصی ٹیمیں یونیورسٹی میں موجود رہیں، یو ای ٹی کے طلبہ کی سہولت کیلئے ملک بھر کے کسی بھی ضلع سے تعلق رکھنے والے شہری کیلئے لائسنس کے اجراء کی خصوصی اجازت بھی دی گئی، تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر یو ای ٹی نے سی ٹی او کیپٹن ریٹائرڈ ملک لیاقت علی کو خصوصی شیلڈ سے نوازا۔