الیکشن 2018 میں مبینہ دھاندلی، ذیلی کمیٹی کے چوتھے اجلاس میں بھی ٹی او آرز پر اتفاق نہ ہوسکا

ذیلی کمیٹی کا کام مکمل ہو چکا ، ٹی او آرز سمیت تمام معاملات پر اب مرکزی پارلیمانی کمیٹی فیصلہ کریگی ، شفقت محمود

جمعرات 13 دسمبر 2018 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) الیکشن 2018ء میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے چوتھے اجلاس میں بھی ٹی او آر ز پر اتفاق نہیں ہوسکا، ذیلی کمیٹی کام پورا کئے بغیر ختم ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر شفاقت محمود کی زیر صدارت الیکشن 2018ء میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

ذیلی کمیٹی میں حکومت کی جانب سے وزیر اطلاعات فواد چودھری شریک ہوئے جبکہ اپوزیشن کی نمائندگی پیپلز پارٹی کے رہنماء نوید قمر اور نیشنل پارٹی کے حاصل بزنجو نے کی۔اجلاس میں مرکزی کمیٹی کے ٹی او آرز پر غور کیا گیا۔اجلاس میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں اتفاق رائے نہیں ہو سکا جس کے بعد معاملہ مرکزی کمیٹی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔وفاقی وزیر شفقت محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ذیلی کمیٹی کا کام مکمل ہو چکا ہے، ٹی او آرز سمیت تمام معاملات پر اب مرکزی پارلیمانی کمیٹی فیصلہ کریگی۔ انہوں نے کہاکہ کمیٹی کے حوالے سے درخواست دائر ہونے کے معاملے کا جائزہ بھی پارلیمانی کمیٹی ہی لے گی۔