پاکستان پیپلز پارٹی صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 26کے ضمنی انتخابا ت میں بھر پور حصہ لے رہی ہے،

عوام پارٹی کے امیدوار موسیٰ خان خلجی کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں،صوبائی صدر پیپلز پارٹی

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:11

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سیداقبال شاہ اورسیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 26کے ضمنی انتخابا ت میں بھر پور حصہ لے رہی ہے عوام پارٹی کے امیدوار موسیٰ خان خلجی کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے دوراقتدار میں ہزارہ ٹاوں اوردیگر علاقوں میں کروڑوں روپے مالیت کے ترقیاتی کام کرائے جس سے عوام آج بھر پور فائدہ اٹھارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت پریقین رکھتی ہے اور جب بھی پارٹی اقتدار میں آئی عوام کو روزگار ،صحت ،تعلیم کی سہولیات سمیت دیگر بنیادی ضروریات زندگی فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 26کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی بھر پور حصہ لے رہی ہے اور پارٹی نے موسیٰ جان خلجی کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا ہے عوام پیپلزپارٹی کے امیدوار موسیٰ جان خلجی کو ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں اس سے قبل انہوں نے پیپلز پارٹی کے دوراقتدار میں منظور ہونے والے ہائیر سیکنڈری اسکول کا دورہ بھی کیا۔