مقبوضہ کشمیر میں ہرطرف قتل و غارت اور لاقانونیت کا دور دورہ ہے، جاوید میر

ہلال وار کا شہید شمس الحق کو خراج عقیدت

جمعہ 14 دسمبر 2018 18:23

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند رہنماجاوید احمد میر نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے کے اطرف و اکناف میں قتل و غارت، ظلم وجبر اور لاقانونیت کا دور دورہ ہے جبکہ بھارتی حکومت اس ابتر صورتحال کو امن ، خوشحالی اور ترقی کا نام دیکر عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جاوید احمد میر نے سرینگر کے علاقوں ٹنگہ پورہ اور بمنہ میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیر ی تھانوں ، جیلوں اور عقوبت خانوں میں غیر قانونی طور پر نظربند ہیں ۔

ا نہوںنے کہا کہ نظر بندوں کو طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے جبکہ کئی نظر بندوں کے والدین انکی گھر واپسی کی راہ تکتے تکتے اس فانی دنیا سے رحلت کر گئے۔

(جاری ہے)

جاوید احمد میر نے کہا کہ تہاڑ جیل میں قید آزادی پسند رہنما فاروق احمد ڈار کی والدہ گزشتہ دنوں انتقال کر گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ تہاڑ جیل میں ہی نظر بند ایک اور حریت رہنما نعیم احمد خان کی والدہ بھی سخت علیل ہیں جبکہ مشتاق الاسلام کی والدہ بھی کافی عرصہ سے علیل ہیں۔

انہوںنے کہا کہ نظر بند آزادی پسند رہنمائوں محمد قاسم فکتو، مسرت عالم بٹ ، شبیر احمد شاہ، ایڈوکیٹ شاہد الاسلام ، پیر سیف الله ، آ سیہ اندرابی ، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین ، عادل زرگر، معراج الدین کلوال ، شکیل احمد بخشی ، نذیر احمد شیخ اور کشمیری تاجر ظہور احمد وٹالی کی صحت بھی روز بہ روز سخت متاثر ہو رہی ہے۔ جاوید احمد میر نے کہا کہ بھارتی ریاستوں کی جود پور جیل ، ہریانہ جیل ، جئی پور اور دوسری جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی حالت بھی ابتر ہو چکی ہے۔

انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ عالمی برادری ، اقوا م متحدہ، عالمی ریڈ کراس کشمیری نظر بندوں کی حالت زار کا موثر نوٹس نہیں لے رہیں۔ دریں اثناآزادی پسند رہنما انجینئر ہلال احمد وار نے ممتاز مجاہد کمانڈر غلام محمد میر المعروف شمس الحق کو انکے 25ویں یو م شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ شمس الحق محض ایک عسکری کمانڈر نہیں تھے بلکہ وہ ایک سکالر تھے جنہوں نے چار مضامین میں ماسٹر ز کیا تھا۔انہوںنے کہا کہ شہید شمس الحق اور یگر لاکھوں شہداء نے تحریک آزادی کی اپنے گرم گرم لہو سے آبیاری کی ہے اور کشمیری عوام اپنے ان عظیم شہداء کے مشن کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔