Live Updates

وزیراعظم نے رکن اسمبلی ریاض فتیانہ کی جانب سے خواجہ سعد رفیق کے حق میں بیان دینے کا نوٹس لے لیا

شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا، حکمراں جماعت کے رکن قومی اسمبلی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام کے دوران کہا تھا کہ نہیں لگتا کہ خواجہ سعد رفیق نے کرپشن کی ہے

muhammad ali محمد علی جمعہ 14 دسمبر 2018 22:59

وزیراعظم نے رکن اسمبلی ریاض فتیانہ کی جانب سے خواجہ سعد رفیق کے حق میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 دسمبر2018ء) وزیراعظم نے رکن اسمبلی ریاض فتیانہ کی جانب سے خواجہ سعد رفیق کے حق میں بیان دینے کا نوٹس لے لیا، شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا، حکمراں جماعت کے رکن قومی اسمبلی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام کے دوران کہا تھا کہ نہیں لگتا کہ خواجہ سعد رفیق نے کرپشن کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق کی گرفتاری پر حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ریاض فتیانہ نے ردعمل دیا ہے۔

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کرپشن میں ملوث نہیں ہو سکتے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما ریاض فتیانہ نے کہا کہ سابق وزیر ریلوے کو 30 سال سے جانتا ہوں، یہ ماننے کیلئے تیار نہیں کہ وہ کرپشن میں ملوث ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اب وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اپنے رکن قومی اسمبلی کے اس بیان کا نوٹس لیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے خواجہ سعد رفیق کے حق میں بیان دینے پر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔ ریاض فتیانہ کو جلد سے جلد اپنے بیان کی وضاحت دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 3 روز قبل خواجہ برادران کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کردی جس کے بعد سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو نیب نے کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا تھا۔

قومی احتساب بیورو (نیب ) لاہو حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ خواجہ برادران کی پیراگون سٹی کرپشن کیس میں مبینہ طور پر مالی فوائد حاصل کرنے کے الزام میں معزز لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری کے خارج ہونے پر گرفتاری عمل میں لائی گئی جس سے نیب کے ملزمان کیخلاف معقول شواہد پیش کرنیکی تصدیق ہوئی۔ بعد ازاں خواجہ برادران کو نیب آفس منتقل کر دیا گیا جہاں ان سے پیراگون کا ہائوسنگ سوسائیٹی کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ خواجہ برداران نے پیراگون ہاسنگ اسکینڈل میں قبل ازگرفتاری ضمانت میں متعدد مرتبہ توسیع حاصل کی تھی۔ تاہم تین روز قبل عدالت نے خواجہ برادران کی قبل ازگرفتاری ضمانت میں مزید توسیع کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات