ڈیرن سیمی کراچی میں فائنل کھیلنے کےلئے پرامید

پی ایس ایل میں شرکت کیلئے پرجوش ہوں:کپتان پشاور زلمی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 15 دسمبر 2018 12:39

ڈیرن سیمی کراچی میں فائنل کھیلنے کےلئے پرامید
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15دسمبر2018ء) پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے نگاہیں کراچی میں فائنل پر مرکوز کرلیں۔پشاور زلمی کے کپتان گزشتہ 2 ایڈیشنز میں پاکستان آکر پرستاروں کی ڈھیروں محبتیں سمیٹ چکے ہیں، ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور آل راﺅنڈر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) ان کے پسندیدہ ٹورنامنٹس میں سے ایک ہے، وہ چند ہفتوں بعد نہ صرف اس ایونٹ میں شرکت کے لیے پرجوش ہیں بلکہ کراچی میں فائنل کھیلنے کے لیے بھی پر امید ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 14فروری2019ءسے شروع ہوگا اور17مارچ2019ءکو اختتام پذیر ہوگا،اس ٹورنامنٹ کے پہلے26میچز ابو ظہبی ، دبئی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے،شارجہ14 ،دبئی8اور ابوظہبی4میچز کی میزبانی کرے گا جب کہ اگلے آٹھ میچز لاہور اور کراچی میں کھیلے جائیں گے ،نیشنل سٹیڈیم ، کراچی میں ایونٹ کے پانچ میچز کھیلے جائیں گے جب کہ تین میچز قذافی سٹیڈیم ، لاہور میں کھیلے جائیں گے ،لاہور میں ہونے والے میچز 9، 10 اور 12 مارچ کو ہوں گے جبکہ 7، 10، 13 اور 15مارچ کو میچز کراچی میں ہوں گے۔

(جاری ہے)

ایونٹ کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور گزشتہ تینوں سیزنز کے دوران آخری نمبر پر رہنے والی لاہور قلندرز کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی ،پاکستان سپرلیگ 4 کا ایلی منیٹر ون 12 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ 13 مارچ کو کوالیفائرز میچ کراچی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کا ایلی منیٹر ٹو 15 مارچ کو کراچی میں ہوگا۔پی ایس ایل 4 کا فائنل 17 مارچ کو نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 2016ءمیں کیا گیا تھا، لیگ کی پہلی ٹرافی اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے نام کی تھی،2017 ءمیں پشاور زلمی لیگ کی فاتح رہی جب کہ رواں برس 2018ءمیں اسلام آباد یونائیٹڈ ایک بار پھر فاتح ٹھہری۔ یاد رہے کہ چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) احسان مانی یہ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ اگلے دو سے تین سال میں پاکستان سپر لیگ کو مکمل طور پر پاکستا ن میں لانے کے لیے پرعزم ہیں ۔