شہداء اے پی ایس نے نئی تاریخ رقم کی،وفاقی پارلیمانی سیکرٹری

اتوار 16 دسمبر 2018 19:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری تعلیم وجیہہ اکرم نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول(اے پی ایس ) پشاور کے شہداء نے آج سے چار سال قبل اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر پاکستان کی نئی تاریخ رقم کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے شہدائ, زخمیوں, ان کے والدین او رپسماندگان کے جذبہ حب الوطنی اور حوصلے کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا یہ اندوہناک سانحہ قوم کے حوصلے پست کرنے کی بجائے قوم کو مزیدمتحد اور مضبوط کرنے اور نئی سمت کے تعین میںسنگ میل ثابت ہوا ․انہوں نے کہا کہ آج ہمارے ازلی دشمن کے مکروہ عزائم اورہتھکنڈوںسے نئی نسل کو آگاہی, تحفظ اور ان کی بہترین تعلیم و تربیت کے لیئے سول سوسائٹی کے تمام طبقات بالخصوص تعلیمی اداروں کو ہمیشہ سے بڑھ کر اپنا کردار ادا کر نا ہو گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ آرمی پبلک سکول(اے پی ایس) پشاور کے چار سال مکمل ہونے کے موقع پر شہدائے اے پی ایس کو خراج عقیدت اور زخمی ہونے والے بچوں اور ان کے والدین کے لازوال جذبے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیئے راولپنڈی آرٹس کونسل, ویلنیس لائونج اور النعمت فائونڈیشن کے اشتراک سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ․ اس موقع پر پرنسپل چوہدری شہباز , شکیل چوہان , ڈاکٹر عامرحنیف , بریگیڈئر (ر) آغا علی حسن , ڈاکٹر احمد , بیگم ناہید منظور, ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد , ماسٹر ایوب , راولپنڈی کے مختلف سکولوں میں زیر تعلیم بچوں , بچیوں ,اساتذہ اور سول سوسائٹی کے اراکین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری تعلیم وجیہہ اکرم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے وحشت ناک سانحے کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں آج اپنی نئی نسل کو ہمارے ازلی دشمن کو مکروہ عزائم اوراس کے جدید ہتھکنڈوں سے آگاہی فراہم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کیونکہ کہ دشمن اس وقت بھی اپنی پوری قوت کے ساتھ ہماری نئی نسل کو مایوس اور گمراہ کرنے کے لیئے سوشل میڈیا کے منفی استعمال سمیت دیگر ہتھیاروں سے ہم پر حملہ آورہے ․ انہو ںنے کہا کہ ہمیں پہلے سے زیادہ محتاط رہتے ہوئے اپنی نئی نسل کی نگرانی اور تعلیم و تربیت کرنا ہو گی ․ انہو ںنے کہا کہ والدین , اساتذہ اور سول سوسائٹی کو نئی نسل کی سرگرمیوں اور اپنے ارد گرد وقوع پذیر ہونے والے واقعات و تبدیلیوںپر کڑی نظر رکھنے کی اشد ضرورت ہے ۔

تقریب سے بریگیڈیئر (ر) آغا علی حسن , ڈاکٹر عامر حنیف و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور اس سانحے میں زخمی ہونے والوں اور پسماندگان کے صبر و حوصلے کو داد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ کی طرح آج بھی پوری قوم کے دل سانحہ اے پی ایس پشاور کے متاثرین کے ساتھ دھڑکتے ہیں او رپوری قوم اس سانحے کے متاثرین کے لیئے دعا گو ہے ․انہوں نے دشمن کے مکروہ عزائم کا پردہ چاک کرتے ہوئے حاضرین کو اس کے ناپاک ارادوں سے آگاہی فراہم کی ․ اور اس حوالے سے زیادہ سے زیاد ہ آگاہ اور محتاط رہنے کی تاکید کی ۔

تقریب میں سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے پس منظر میں ترتیب دیا گیا ڈرامہ -" خاک نشیمن" بھی پیش کیا گیا جسے حاضرین نے بے حد سراہا ․ مختلف سکولوں کے بچوں نے ٹیبلوز اور نغموں کے ذریعے آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحے میں شہید اور زخمی ہونے والے بچوں کو خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کیا ۔قبل ازیں سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی یاد میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری و جیہہ اکرم , ڈاکٹر جمال ناصر , چوہدری شہباز , شکیل چوہان , اور سول سوسائٹی کے اراکین کی قیادت میں ایک واک کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف سکولوں کے بچوں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ․ تقریب کے آخر میں ملک و قوم کو متحد , مضبوط اور ترقی یافتہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور دہشت گردی کی جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے لیئے اللہ تعالی کے حضور ان کے درجات کی بلندی, پسماندگان کے لیئے صبر جمیل اور برسر پیکار جوانوں کے لیئے مزیدجرات, حوصلے اور عز م کی دعا کی گئی۔