سکھر میونسپل کارپوریشن کے تعاون سے مہران بزم ادب و ثقافت سکھر کے زیر اہتمام ’’ سالانہ مشاعرہ ‘‘کا انعقاد

پیر 17 دسمبر 2018 18:12

سکھر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) سکھر میونسپل کارپوریشن کے تعاون سے مہران بزم ادب و ثقافت سکھر کے زیر اہتمام ’’ سالانہ مشاعرہ ‘‘ منعقد ہوا۔ جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق چیئرپرسن و اراکین مشاعرہ کمیٹی میڈم عذرا جمال ، ڈاکٹر انیس الرحمن ، ریاض حامد، عابد علی انصاری، نواب علی ، عبدالجبار کے زیر انتظام پیر الٰہی بخش ٹاور پر سکھر میونسپل کارپوریشن کے تعاون سے ’’ سالانہ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی بزم کے سرپرست اعلیٰ و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور مہمانِ اعزاز ی بزم کے سرپرست و ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان تھے ‘ نظامت کے فرائض ڈاکٹر انیس الرحمن نے انجام دیئے ۔

محفل مشاعرہ میں پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی ، پروفیسر سحر انصاری، انور شعور ، ڈاکٹر فاطمہ حسن ، ڈاکٹر عنبریں حسیب عنبر، یشب تمنا ( برطانیہ) ، ڈاکٹر آفتاب مضطر ، مہ جبیں غزل انصاری ( برطانیہ ) ، سعید آغا ، قیصر وجدی ، سرفراز صدف سمیت دیگر نامور شعراء نے اپنے کلام پیش کئے‘ محفل مشاعرہ میں سیاسی و سماجی رہنمائوں ‘ صحافیوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شعرائے کرام کے کلام سے محفوظ ہوئے ‘ سامعین نے محفل مشاعرہ کے انعقاد کو ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لئے مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے سکھر میونسپل کارپوریشن سے اظہار تشکر بھی کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بزم کے صدر ملک آفتاب احمد اور جنرل سیکریٹری ریاض راجپوت نے محفل مشاعرہ کے انعقاد میں تعاون پر میئر سکھر کا شکریہ ادا کیا جبکہ مہمان خصوصی میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان سمیت تمام شعرائے کرام اور اہم شخصیات کو اجرک کے تحائف پیش کئے گئے ۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اندرون و بیرون ملک سے آئے شعرائے کرام کو خوش آمدید کہا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محفل مشاعرہ کا انعقاد خوش آئند ہے ‘ سکھر علمی ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے اور ادبی رونقوں کو بحال رکھنے کے لئے اس طرح کے ایونٹس کے انعقاد کے لئے سکھر میونسپل کارپوریشن اپنا تعاون جاری رکھے گی ۔

اس موقع پر میئر سکھر نے اپنی تخلیق کردہ شاعری بھی پڑھ کر سنائی۔ چیئرپرسن مشاعرہ کمیٹی میڈم عذرا جمال نے بھی شعرائے کرام کو خوش آمدید کہا اور شرکت کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ علاوہ ازیں میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اندرون و بیرون ملک سے آئے ہوئے شعرائے کرام کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔