اگلے چند ماہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) میں قومی اور صوبائی سطح پر فارورڈ بلاک بنتا دیکھ رہا ہوں

وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

منگل 18 دسمبر 2018 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) آبی وسائل کے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اگلے چند ماہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) میں قومی اور صوبائی سطح پر فارورڈ بلاکبنتا دیکھ رہا ہوں۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو پارٹی کے اندر کرپشن کے باعث بڑی تنقید کا سامنا ہے‘ مسلم لیگ (ن) کے اراکین صوبائی و قومی اسمبلی اپنی قیادت کی لوٹ مار کا دفاع نہیں کر پا رہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے تمام اتحادی کرپشن کے خلاف جاری مہم کے حوالے سے ایک پیج پر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف احتساب کا عمل ملک گیر سطح پر جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قومی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کرنے کے علاوہ ملک کو درپیش مختلف مسائل بشمول ادائیگیوں میں توازن کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ مذہبی جماعتوں کے احتجاج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گی جو ریاست کے خلاف انتشار پیدا کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی غیرملکی جائیداد کی تفصیلات الیکشن کمیشں میں پیش کر چکے ہیں اس حوالے سے عابد شیر علی کے الزامات بے بنیاد اور مضحکہ خیز ہیں۔