ْنیشنل فرٹیلائزرز انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی فیصل آباد نے انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی تمام نشستوں پر 100فیصد داخلوں کا ہدف مکمل کر لیا،

کمپیوٹر سائنس اور بی بی اے کے داخلوں میں بھی پچھلے سال کی نسبت تین گنا اضافہ

منگل 18 دسمبر 2018 16:58

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) نیشنل فرٹیلائزر ز انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی فیصل آباد نے انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی تمام نشستوں پر 100فیصد داخلوں کا ہدف مکمل کر لیا ہے جبکہ کمپیوٹر سائنس اور بی بی اے کے داخلوں میں بھی پچھلے سال کی نسبت تین گنا اضافہ ہو گیا ہے جو طلباء و طالبات کے اس ادارہ اور اس کے مختلف شعبہ جات میں خصوصی دلچسپی کا غماز ہے۔

انسٹیٹیوٹ کے ترجمان نے منگل کو اے پی پی کو بتایاکہ موجودہ قائم مقام ڈائریکٹر خالد محمود شیخ کے اپریل میں چارج سنبھالنے کے بعد ادارہ ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہوگیا ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ موجودہ سال ہونے والے داخلوں میں پہلے کی نسبت زیادہ داخلے کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ ایم ایس سی(کیمیکل انجینئرنگ) میں بھی اب تک13طلبہ و طالبات کا داخلہ ہوچکا ہے جبکہ پچھلے سال ایک بھی طالب علم داخل نہ ہوسکا تھا۔

انہوںنے بتایاکہ گزشتہ سال تقریباً200کے قریب نشستوں پر داخلے نہ ہوسکے تھے۔ انہوںنے بتایاکہ موجودہ قائم مقام ڈائریکٹرکے دور میں ادارہ میں کرپشن کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ تعلیمی معیار میں بھی واضح اضافہ دیکھنے میںآیاہے جس کیلئے موصوف روزانہ کی بنیاد پر مختلف ڈیپارٹمنٹس کا دورہ کرتے اور جاری کلاسز و لیبارٹری ورک کا جائزہ بھی لیتے ہیں۔

انہوںنے بتایاکہ ادارہ میں موجود جامع مسجد کو ائیرکنڈیشنڈ کر دیا گیا ہے اور ادارہ میں صفائی ستھرائی کا کام باقاعدہ اور ترجیحی بنیادوں پر ہورہا ہے۔انہوںنے بتایاکہ تعمیرومرمت کے کام کیلئے ٹینڈرز موصول ہوچکے ہیںاور کام رواںماہ میںہی شروع ہوجائے گا۔ انہوںنے بتایاکہ ادارہ کی مالی حالت کومزید بہتربنانے کیلئے نیوٹک کے اشتراک سے مختلف شعبوں میں شارٹ کورسز کا اِجرا کیا گیا ہے جن میں سے تین کورسز مکمل ہوچکے ہیں اور مزید چار کورسز میں پاکستان بھر کے طالبعلم فنی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔انہوںنے بتایاکہ ا ن کی کاوشوں کو مد نظررکھتے ہوئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ میںبھی مذکورہ اقدامات اور خدمات کو سراہا گیا ہے جو ادارہ کیلئے ایک اعزاز ہے ۔