ٹریفک پولیس نے ٹریفک ایکسیڈنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کروادیا

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے قربان لائنز لاہور میں نئی ایپ کا افتتاح کر دیا

منگل 18 دسمبر 2018 19:01

ٹریفک پولیس نے ٹریفک ایکسیڈنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کروادیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پنجاب پولیس ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے ٹریفک حادثات میں لوگوں کی جانوں کو بچانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے TAMISتیار کر لیا گیا ہے جس کی مدد سے کسی بھی جگہ پر ہونے والے حادثے کی وجوہات کا نہ صرف صحیح تعین کیا جا سکے گا بلکہ اس کے ذریعے تفتیشی اور پروسیکیوشن کے مراحل میں بھی مدد حاصل ہو سکے گی اور آئندہ ان حادثات کی روک تھام کے لیے حکمت عملی کو بھی وضع کیا جا سکے گا۔

ان خیالات کا اظہار انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے ٹریفک ہیڈکواٹرز پنجاب قربان لائنز لاہورمیں ٹریفک ایکسیڈنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا جسے پی آئی ٹی بی کی معاونت سے تیار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ،ایڈیشنل آئی جی پولیس علی عامر ملک ، ایڈیشنل آئی جی پولیس سی ٹی ڈی محمد طاہر رائے ،چیف آپریٹنگ آفیسراکبر ناصر،ڈی آئی جی آئی ٹی پنجاب ذوالفقار حمید اور ڈی جی پی آئی ٹی بی کے افسران فیصل یوسف ،ساجد لطیف ، وقار نعیم و دیگر پولیس کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک، خرم شکور نے بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو بتایا کہ پچھلے پانچ سالوں کے دوران تقریباًً 16ہزار افراد ٹریفک حادثات کے باعث جاں بحق ہوئے اور اس سسٹم کے ذریعے حادثات کا باعث بننے والی وجوہات کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر اداروں کی کوتاہیوں کا جائزہ لینے میں بھی مدد ملے گی۔ جس کی روشنی میں ان اداروں سے بھی نہ صرف رابطہ کیا جا سکے گا بلکہ آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے میں بھی آسانی ہو گی تا کہ قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔

آئی جی کو بتایا گیا کہ اس سے قبل موجودہ Manualسسٹم میں ٹریفک ایکسیڈنٹ کے صورت میں سارجنٹ ایک فارم فل کرکے ٹریفک ہیڈ کوارٹر بھجواتا تھا جس سے نہ صرف وقت کا ضیاع ہوتا تھا بلکہ حادثے میں زخمی یا ہلاک ہونے والوں کو انصاف کی فراہمی میں بھی مشکلات پیش آتی تھیں۔ جبکہ اس سسٹم سے 36اضلاع میں کسی بھی جگہ پر ہونے والے ایکسیڈنٹ کے بارے میں تمام تر انفارمیشن بشمول وقت ، جگہ، علاقہ ، تھانہ، پی ایچ پی پوسٹ کا نام، سڑک کی ، ٹکرانے والی گاڑیوں کے نمبر، ضلعی پولیس اور ٹریفک پولیس کا رسپانس ٹائم، ایکسیڈنٹ کی وجہ، موسم کی صورت حال،ہلاکتوں اور زخمی ہونے والوں کے علاوہ پراپرٹی کا نقصان اور ایمبولنس رسپانس ٹاائم کو ایک ڈیش بورڈ پر دیکھا جا سکے گا۔

اس کے علاوہ گاڑی چلانے والے ڈرائیور کی تمام تر انفارمیشن کے ساتھ ساتھ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے علاوہ گواہوں اور اطلاع دہندہ کے بارے میں بھی تفصیلات اس ایپ کے ذریعے فوری طور پر موصول ہو سکیں گی جس سے انوسٹی گیشن اور پروسیکیوشن کے لیے بھی معلومات حاصل ہو سکیں گی۔ اس کے علاوہ ایکسیڈنٹ کے بعد درج ہونے والی ایف آئی آر کی بھی تمام تفصیلات اور ٹریفک پولیس کی طرف سے کیے گئے تمام اقدامات کی تفصیل بھی اس سسٹم کے ذریعے موصول ہو سکے گی اور اس کے بعد اس ایکسیڈنٹ کی انوسٹی گیشن اور پروسیکیوشن کے تمام مراحل کے بارے میں موجودہ صورت حال کے بارے میں تفصیلات کو اس سسٹم کے ذریعے دیکھا جا سکے گا ۔

آخر میں ایس ایس پی ٹریفک خرم شکور نے آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کو سووینئر بھی پیش کیا ۔