انویسٹی گیشن پولیس ہومی سائیڈ یونٹ کاہنہ نے دو ماہ قبل اپنی بیوی کو اغوا کرنے کے بعد قتل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا

منگل 18 دسمبر 2018 22:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) انویسٹی گیشن پولیس ہومی سائیڈ یونٹ کاہنہ نے دو ماہ قبل اپنی بیوی کو دوستوں کے ساتھ ملکر اغوا کرنے کے بعد قتل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 2 ماہ قبل مقتولہ عاصمہ کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد قتل کر دیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ کوٹ لکھپت میں درج ہوا۔ واقعہ کی سنگینی کو مد نظر رکھتے ہوئے ایس پی ماڈلٹائون انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود نے اس لرزہ خیز واردات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک انچارج ہومی سائیڈ کاہنہ سب انسپکٹر مراد رسول کو دیا ۔

انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ماڈرن تکنیکی بنیادوں کو بروئے کار لاتے ہوئے شب وروز محنت کر کے اس وارادت میں ملوث 4ملزموںشوہر عرفان، مختاراحمد ،غلام مرتضیٰ اور اللہ رکھا کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

دوران تفتیش مقتولہ عاصمہ کے شوہر محمد عرفان نے انکشاف کیا کہ میرا اپنی بیوی عاصمہ کے ساتھ جھگڑ اہو گیا تھا جس پر اس نے عدالت میں نان نقفہ کا دعویٰ دائر کر دیا جس کامجھے رنج تھا اورمیں نے صلح کر نے کے بہانے عاصمہ کو بلایا اور جھوٹ بول کراسے کوڑے شاہ گائوں ضلع ساہیوال لے گیا اور وہاں اپنے دوستوں مختار احمد، غلام مرتضیٰ اور اللہ رکھا کے ساتھ مل کر دریائے راوی کے کنارے گلے میں پھندا ڈال کر قتل کر دیا اور لاش کو دریا میں پھینک دیا۔

ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹائون ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے اپنی بیوی کو اغوا کرکے قتل کرنے کی واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے پرانچارج ہومی سائیڈ سب انسپکٹر مراد روسول اور پولیس ٹیم کوتعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔