ضلعی و تحصیل سطح پر پاکستان پیپلز پارٹی کے انفارمیشن بیورو بنانے کا فیصلہ ،پارٹی کو بنیادی عوامی سطح پر مضبوط و فعال بنایا ،از سر نو تنظیم کی جائیگی

حاجی گلزار اعوان کی رہائش گاہ پر پی پی پی سنٹرل پنجاب کے انفارمیشن سیکریٹری کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلے

بدھ 19 دسمبر 2018 20:05

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے ضلعی و تحصیل سیکریٹری اطلاعات صاحبان کا ایک خصوصی اجلاس ڈویژنل نائب صدر حاجی محمد گلزار اعوان کی رہائش گاہ واقع ویسٹریج میں منعقد ہوا جس میں ڈویژن بھر میں ضلعی اور تحصیل سطح پر پاکستان پیپلز پارٹی کے انفارمیشن بیوروز بنانے اور انہیں فعال و متحرک کرنے سے متعلق متعدد فیصلے کئے گئے ․ اجلاس کی صدارت ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری پی پی پی سنٹرل پنجاب عامر حسن ایڈووکیٹ نے کی جبکہ اسلام آباد سمیت راولپنڈی ڈویژن میں پارٹی سطح پر موجود تنظیموں اور ملحقہ ونگز کے سیکریٹری اطلاعات و ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات ، پی وائی او ، پی ایس ایف ، ویمن ونگ ، لیبر ونگ ، مینارٹی ونگ اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی اجلاس میں شریک تھی ․پارٹی کے ڈویژنل نائب صدراور ڈویژنل صدر سردار سلیم حیدر خان کے ترجمان راجہ عمار شوکت ترک نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع کے سیکریٹری اطلاعات ہنگامی بنیادوں پر اپنے اضلاع میں انفارمیشن بیورو زبنائیںگے اورتحصیل ، یونین کونسل اور وارڈ کی سطح پر سیکریٹری و ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات سے مربوط روابط قائم کرکے ا نفارمیشن بیوروز کو فوری طور پر فعال بنائیں گے اور جہاں انفارمیشن بیوروز موجود نہیں وہاں فوری طور پر یہ بیوروز بنائیں جائیں گے ․ راولپنڈی سٹی ، کینٹ اور اسلام آباد سٹی کے سیکریٹری اطلاعات کو ہدایت کی گئی کہ وہ سیکٹر وائز تنظیم سازی کریں اور انفارمیشن بیوروز قائم کریں ․ تحصیل ، یونین کونسل اور وارڈ کی سطح پر سوشل میڈیا سیل قائم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت کی گئی کہ وہ ان ٹیموں میں فوری طور پر ایسے کارکنوں کو تعینات کریں جو سوشل میڈیا پر پارٹی کی موثر تشہیر کر سکیں ․ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تمام میڈیا سیلز ، سوشل میڈیا سیلز اور انفارمیشن بیوروز متعلقہ سیکریٹری اطلاعات کی زیر نگرانی کام کریں گے اور تمام تر ہدایات ڈویژنل سیکریٹری اطلاعات و ڈویژنل انفارمیشن بیورو سے لی جائیں گی جو سیکریٹری اطلاعات پنجاب اور انفارمیشن بیورو پنجاب سے منسلک ہونگے ․․ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ڈویژن ، ضلع اور سٹی وکینٹ میں ہونے والے تمام اجلاسات اور تقریبات کی اطلاع دینے کی ذمہ داری جنرل سیکریٹری سیکریٹریٹ کی ہوگی اور وہ سوشل میڈیا ، ایس ایم ایس اور فون کالز کے ذریعے ہر ضروری اطلاع کو ابلاغ کرنے کو یقینی بنائیں گے ․ اس موقع پر بیرسٹر عامر حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ اطلاعات پارٹی اور بھٹو ازم کی زبان ہے ․ ہمیں گنگ نہیں رہنا بلکہ بولنا ہے ․ انہوں نے کہا کہ میں ہر ضلع اور تحصیل میں ساتھیوں کے پاس خود جائو ں گا اور ہر سطح پر انفارمیشن بیوروز کو فعال و متحرک اور منظم کریں گے ․ ڈویژنل انفارمیشن سیکریٹری ملک نجیب ارشد نے انفارمیشن بیوروز کو فعال بنانے کے حوالے سے بیرسٹر عامر حسن کی کاوشوں کو سراہا ․ حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا کہ پارٹی کو پنجاب میں متحرک و فعال بنانے کیلئے اٹھائے جانے والے ہر مخلصانہ اور سنجیدہ اقدام میں وہ پہلے کی طرح ہمیشہ پیش پیش ہونگے اور ان اقدامات کا بھر پور ساتھ دیں گے ․ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پنجاب میں پارٹی کو نظریاتی اور عوامی بنیادوں پر از سر نو منظم کرنے پر بھر پور توجہ دی جائے ۔