مسلسل دھمکی آمیزکالزآرہی ہیں لیکن کسی سے نہیں ڈرتا،میئرکراچی

میئر کے پاس 2 کروڑ سے زائد کا کوئی پروجیکٹ دینے کا اختیار ہی نہیں،وسیم اختر

جمعرات 20 دسمبر 2018 17:35

مسلسل دھمکی آمیزکالزآرہی ہیں لیکن کسی سے نہیں ڈرتا،میئرکراچی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 دسمبر2018ء) میئرکراچی وسیم اخترنے کہاہے کہ مجھے مسلسل دھمکی آمیز کالزآرہی ہیں لیکن کسی سے نہیں ڈرتا۔جمعرات کوکراچی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجربرادری سے خطاب کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ تاجرکی ترقی سے شہر چلتا ہے اور شہر چلتا ہے تو ملک چلتا ہے، میں کراچی کا مقدمہ سپریم کورٹ میں لڑرہا ہوں، مجھے مسلسل دھمکیوں والی کالزآرہی ہیں لیکن میں کسی سے نہیں ڈرتا، میں نے کراچی کے لیے پانی اورگیس سمیت تمام مسائل پربات کی ہے، پانی پراحتجاج کرنے پر مجھ پر 40مقدمات درج ہیں، گیس کی قلت کراچی والوں کے ساتھ ظلم ہے۔

انہوں نے کہاکہ کے ایم سی کی غلطیاں ٹھیک کرلی ہیں، تجاوزات کے خلاف آپریشن کو پہلے دن سے دیکھ رہا ہوں، پشتون بھی ہمارے بھائی ہیں، آپریشن کولسانی رنگ ہرگزنہ دیا جائے، میرے پچھلے ساتھیوں کے شادی ہالزگرائے گئے ہیں،اب ہم نالوں، پارکس اور فٹ پاتھ پر کسی کو بھی تجاوزات قائم نہیں کرنے دیں گے۔

(جاری ہے)

وسیم اخترنے کہاکہ ہمیں احساس ہے کہ لوگ بے روزگاربیٹھے ہیں، ہم نے دوہزاردکانوں کے لیے متبادل تیارکرلیا ہے، شہاب الدین مارکیٹ اورپارکنگ پلازہ میں بھی متبادل جگہیں دیں گے، سندھ حکومت بھی اس معاملے پرہمارے ساتھ ہے، وزیراعلی سندھ کی چین سے واپسی پرمعاملات طے ہوجائیں گے۔

سارے میگا پروجیکٹس سندھ حکومت نے اپنے پاس رکھے ہوئے، مجھے سندھ حکومت سے بھیک مانگنی پڑتی ہے، تجاوزات کا ملبہ اٹھانے کے لئے پیسے نہیں تھے ملک ریاض نے ٹرکس بھیجے۔