سندھ میگا منی لانڈرنگ کیس، آصف زرداری اورفریال تالپورکی ضمانت میں 7جنوری کی توسیع

جمعہ 21 دسمبر 2018 13:15

سندھ میگا منی لانڈرنگ کیس، آصف زرداری اورفریال تالپورکی ضمانت میں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 دسمبر2018ء) کراچی کی بینکنگ عدالت نے سندھ میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت میں 7جنوری تک توسیع کر دی ہے۔ جمعہ کو کراچی کی بینکنگ کورٹ میں جعلی اکائونٹس کیس سے متعلق سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران آصف زرداری اور فریال تالپور عدالت میں پیش ہوئے۔

اس موقع پرسابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی، نثار کھوڑو، امتیاز شیخ، سلمان مراد، وقار مہدی، راشد ربانی، اعجاز جکھرانی اور دیگر رہنما کی بڑی تعداد بھی عدالت میں موجود تھی۔جیالوں کی جانب سے کمرہ عدالت میں نعرے بازی بھی گئی۔ملزمان کی حاضری کے بعد عدالت نے استفسار کیا کہ کیس میں کیا پوزیشن ہی ۔

(جاری ہے)

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی ای)پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ جے آئی ٹی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار ہے۔

عدالت نے سابق صدر آصف علی زرادری اور فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 7جنوری تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ عدالت کے چاروں اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔سیکیورٹی اہلکاروں نے بینکنگ کورٹ کا گیٹ غیر متعلقہ افراد کے لیے بند کر دیا تھا۔سابق صدر آصف علی زرداری سے قبل ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک بینکنگ کورٹ پہنچے۔

اس موقع پر میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ آصف زرداری کی گرفتاری ممکن نہیں ہے،سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ کیس کی سماعت مکمل ہونے تک حتمی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ کیس کاحتمی چالان جمع نہیں ہوا ہے، چالان کے بغیر گرفتاری ممکن نہیں،ہم نے سپریم کورٹ میں کیس سے متعلق درخواست دی ہے۔سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ بھی بینکنگ کورٹ پہنچے تھے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سربراہ آئے ہیں اس لیے عدالت آیا ہوں، پیپلز پارٹی کے کارکن بھی ایسے ہی آئے ہیں، کوئی خاص بات نہیں ہے۔

سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک بھی عدالت میں موجود تھے، جنہوں نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ یہاں سے پرامن طور پر روانہ ہو جائیں۔ سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کسی کارکن کو یہاں پہنچنے کا نہیں کہا ، کارکنان اپنی مرضی سے اور آصف زرداری کی محبت میں عدالت آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے لیڈرز بیان بازی سے گریز کریں، وزیراعظم سے اپنی حکومت نہیں چلتی نہ انہیں اپنی حکومت کا معلوم ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈالراور گیس کی قیمت بڑھ رہی ہے، موجودہ حکومت لندن سے فلیٹ نکال کے لے آتی ہے۔بینکنگ کورٹ کے باہر موجود پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی عدالت آمد کے موقع پر ضمانت کے بعد باہر جانے کے موقع پر ان کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے پی پی رہنمائوں نے کہا کہ سابق صدر کیخلاف انتقامی کاروائی کی جارہی ہے اور اسے بند ہونا چاہیے۔