سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کرسمس کے موقع پر غریب اور نادار مسیحی خاندانوں میں راشن اور مٹھائی تقسیم کی گئی

جمعہ 21 دسمبر 2018 20:29

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 دسمبر2018ء) سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کرسمس کے موقع پر غریب اور نادار مسیحی خاندانوں میں راشن اور مٹھائی تقسیم کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز پیر الٰہی بخش ٹاور میں مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کے حوالے سے راشن تقسیم کرنے کی ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان نے مسیحی برادری کے غریب اور نادار خاندانوں میں راشن اور مٹھائی تقسیم کی ۔

اس موقع پر بلدیہ اعلیٰ سکھر کے اقلیتی رکن ایشور لعل ‘ خاتون رکن کیتھرین امانت گل ‘ پادری وارث سمیت میونسپل افسران پیر عطاء الرحمن خان اور عابد علی انصاری بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے مسیحی برادری کو ان کے مذہبی تہوار کرسمس پر مبارکباد دی اور کہا کہ حضرت عیسیٰ نے انسانیت سے پیار‘ محبت‘ امن‘ بھائی چارہ کا دس دیا ہے‘ ہم مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے بلدیہ اعلیٰ سکھر کے فنڈز میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے خاطر خواہ رقم رکھی ہے تاکہ اقلیتی برادریوں کے مستحق افراد کی مدد کی جاسکے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ اس سلسلے کو مزید وسعت دی جائے لیکن وسائل محدود ہیں اس لئے ہم سے جو کچھ ہوسکے گا ہم اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے کریں گے۔ اس موقع پر میئر سکھر نے 25 دسمبر کے روز مسیحی برادری کے لئے ریلوے گرائونڈ میں ایک شاندار تقریب منعقد کرنے کا اعلان کیا جس پر مسیحی برادری نے میئر کا شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں میئر سکھر اور ڈپٹی میئر نے پادری وارث اور اقلیتی رکن کیتھرین امانت گل کے ہمراہ کیک بھی کا-ٹا۔ تقریب سے ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان ‘ پادری وارث ‘ اقلیتی رکن ایشور لعل اور کیتھرین امانت گل نے بھی خطاب کیا۔