ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کے علاقوں کو اصل حالت میں بحال کرنے کے لئے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل ،میئر کراچی اور کمشنر کراچی کی زیر صدارت کمیٹی کا پہلا اجلاس

منگل 25 دسمبر 2018 19:57

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2018ء) ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کے علاقوں کو خوبصورت اور اصل حالت میں بحال کرنے اور آئندہ اس کے بہتر استعمال کا تعین کرنے کے لئے شہر کے معروف ماہرین تعمیرات، ہیریٹیج، باغ بانی شہری امور پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی مشاورت سے ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کی بحالی پر کام کیا جائے گا۔

منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کمیٹی کا پہلا اجلاس کمشنر ہائوس میں میئر کراچی وسیم اختر اور کمشنر کراچی افتخار علی شالوانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بلدیہ عظمی کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، تعمیرات اور باغ بانی کے ماہرین لیاقت علی خان، شاہد فیروز، یاور عباس، شاہد عبداللہ، طارق ہدی، محمد عاصم، کومل پرویز، دوریا قاضی، ماروی مظہر سمیت ڈائریکٹر جنرل پارکس آفاق مرزا اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہا گیا کہ کراچی دنیا کے خوبصورت ترین شہروں میں سے ایک ہے مگر اس کو ہم نے خود ہی خراب کر دیا، اس کی خوبصورتی کی وجہ اس کی ٹائون پلاننگ اور خوبصورت عمارتیں ہیں۔ ماہرین نے کہا کہ کراچی واحد شہر ہے جس کو انگریزوں نے ٹائون پلاننگ کے تحت تعمیر کر کے برصغیر کے نقشے میں ایک نئے شہر کا اضافہ کیا، کراچی کو ایک نئے شہر کے طور پر آباد کیا گیا اسی لئے کراچی منفرد تعمیرات کا حامل اور خوبصورت ہے اس کی خوبصورتی کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے چاہئیں، اس کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لئے آئندہ 200 سال کی منصوبہ بندی کی جانی چاہئے۔

ماہرین نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ بھی انہی عمارتوں میں سے ایک ہے جو شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہے لہذا اس کی بحالی بڑے احتیاط کے ساتھ ہونا چاہئے۔ ماہر باغ بانی لیاقت علی خان نے ایمپریس مارکیٹ کے اطراف مجوزہ پارک کی تعمیر پر بریفنگ دی جبکہ میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمن نے ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کے علاقے کی منصوبہ بندی پر اجلاس کو تفصیلات بتائیں اورماہرین کو آگاہ کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کے علاقے کو خوب سے خوب تر بنانے کے لئے مشاورت کے عمل کے ساتھ ساتھ ہوم ورک بھی جاری ہے، یہاں منظور شدہ پلان کے تحت ہونے والے کاموں کے حوالے سے نقشے کے دو بڑے پینافلیکس بھی آویزاں کئے جائیں گے تاکہ یہاں سے گزرنے والے شہریوں کو معلوم ہوسکے کہ یہاں کیا کام کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کے باہر ایک بہت ہی خوبصورت فینسنگ گرل بھی لگائی جائے گی جس کا ڈیزائن اس طرح ہوگا کہ باہر سے گزرنے والے لوگوں کو اندر کا منظر واضح طور پر نظر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کی اصل خوبصورتی اور بحالی کے حوالے سے تمام متعلقہ ادارے ایک پیج پر ہیں، ایمپریس مارکیٹ کو اس کی اصل حالت میں برقرار رکھنے کے لئے ٹھوس بنیادوں پر کام کیا جائے گا تاکہ یہ عمارت اس شہر کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بنے اور یہاں آکر لوگ خوشی محسوس کریں۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات چاہے کہیں بھی ہوں کبھی بھی شہر کی خوبصورتی میں اضافہ نہیں کرسکتے، تجاوزات سے پاک اور صاف ستھرا شہر ہی اپنی جانب دوسروں کی توجہ مبذول کراتا ہے۔ کمشنر کراچی افتخار علی شلوانی نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کی بحالی کے لئے انتظامیہ تمام اداروں کے ساتھ ہے، ایمپریس مارکیٹ کو محفوظ بنانے اور اسے اس کی اصل صورت واپس دلانے کے لئے جو بھی کوششیں کی جا رہی ہیں ضلعی انتظامیہ بھرپور طریقے سے اس میں تعاون کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب اس شہر کے رہنے والے ہیں اور ہم سب کی یہی خواہش ہے کہ یہ شہر جتنا زیادہ خوبصورت نظر آسکتا ہے آئے اور اس شہر کے مسائل حل ہوں، اس کے لئے شہر کو زون میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ہر زون کی اپنی افادیت اور اہمیت ہے۔ اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے اجلاس میں بتایا کہ ایمپریس مارکیٹ کی بحالی کے کام کو دو فیز میں مکمل کیا جائے گا جس کے پہلے مرحلے میں عمارت کے اندرونی حصے اور بعدازاں باہر اطراف کے حصے کو اس کی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا،ایمپریس مارکیٹ کے اطراف موجودہ زمین ایمپریس مارکیٹ سمیت تقریبا 5 ایکڑ رقبے پر محیط ہے جبکہ عمارت کے چار دروازے ہیں، ان چار دروازوں کے باہر جو پارک بنائے جائیں گے ان میں داخلے کے لئے بھی خوبصورت گیٹ بنائے جائیں گے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مزید بنائے جانے والے دروازے اور فینسنگ گرل کو ایمپریس مارکیٹ کے رنگ جیسی اور اس سے میچنگ کرتے ہوئے طرز پر بنایا جائے جبکہ پارک میں واک ویز بھی بنائے جائیں گے اور عمدہ قسم کے ٹائلز بھی استعمال کئے جائیں گے جن کے درمیان گھاس بھی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ ایمپریس مارکیٹ کو نمایاں اور روشن رکھنے کے لئے سڑک کے دوسری جانب لائٹس نصب کرکے روشنی ڈالی جائے گی تاکہ یہ عمارت آنے جانے والوں کو دور سے ہی چمکتی ہوئی اور روشن نظر آئے۔