الیکشن کمیشن کا(ن) لیگ بلوچستان کے انٹراپارٹی انتخابات کے خلاف درخواست پربلوچستان کے صدر عبدالقادر بلوچ اور جنرل سیکرٹری کو نوٹس جاری

پیر 31 دسمبر 2018 16:47

الیکشن کمیشن کا(ن) لیگ بلوچستان کے انٹراپارٹی انتخابات کے خلاف درخواست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 دسمبر2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے انٹراپارٹی انتخابات کے خلاف درخواست پربلوچستان کے صدر عبدالقادر بلوچ اور جنرل سیکرٹری کو نوٹس جاری کر دیا۔پیر کو الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے انٹراپارٹی انتخابات کے خلاف درخواست پرچیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران درخواست گزار محمد اشرف ساغر کے وکیل طاہر اقبال خٹک الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ مسلم لیگ(ن) کے بلوچستان کے انٹراپارٹی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے آئین کی خلاف ورزی کی گئی ہے،مسلم لیگ (ن)بلوچستان کی صوبائی کونسل کے 303 رکن ہیںجبکہ بغیر کسی طریقہ کار کے عبدالقادر بلوچ کو صدر کیلئے نامزد کر دیا گیا،وقت بھی نہیں دیا گیا ایسے ہی چار بندوں نے بیٹھ کر فیصلہ کر دیا کہ یہ جنرل سیکرٹری ہیں، احسن اقبال نے نوٹیفائی کیا وہ خود بھی نوٹیفائی کرنے کے مجاز نہیں ہیں وکیل نے کہا کہ درخواست گزار بھی(ن) لیگ کی صوبائی کونسل کا ممبر ہے،چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ کیا آپ کو پارٹی کے سربراہ کو فریق نہیں بنانا چاہئیی جس پر وکیل نے کہا کہ یہ صوبائی معاملہ ہے،چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کیا (ن)لیگ کی سنٹرل فارمیشن کا اس الیکشن سے کوئی تعلق نہیں الیکشن کمیشن نے معاملے پر مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر عبدالقادر بلوچ اور پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 17جنوری تک ملتوی کردی۔