تین روزہ قومی انسدا دپولیو مہم 21 جنوری سے شروع ہوں گی،انتظامات مکمل

بدھ 2 جنوری 2019 16:40

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2019ء) ڈپٹی کمشنر سرگودہا سلوت سعید نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم ایک قومی کاز ہے اس کی کامیابی کیلئے تمام ادارے ،علماء اور پولیس مل کر کام کریں ۔محکمہ صحت پولیو ٹیموں کی عملی تربیت کرے اور تربیت کے معیار کی پڑتال کیلئے موک ایکسر سائزز بھی کروائی جائیں۔ تاکہ ضلع کا پولیو فری سٹیٹس یقینی بنایا جا سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سال 2019کی 21جنوری کو شروع ہونے والی پہلی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر حسین احمد مدنی ،سیکریٹری آر ٹی اے فاروق حید ر عزیز ،علماء قاری وقار احمد عثمانی ،پیر جاوید قادری ،ریاست علی فیروزی ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سہیل اصغر قاضی ،ڈی ایچ او ضلع کونسل ڈاکٹر جاوید شیخ، ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفئیر ملک آفتاب احمد، فوکل پرسن ڈاکٹر طارق محمود اور ڈاکٹر طارق سلیم کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کے دوران فنگر مارکنگ کو مضبوط اور پائیدار بنایا جائے تاکہ تھرڈ پارٹی اویلیو ایشن کے دوران پولیو کی کوریج کی رپورٹنگ میں ابہام کو روکا جا سکے۔ انہوںنے زور دیا کہ گزشتہ سال کی آخری پولیو مہم کے دوران رہ جانے اور ہجرت کرنے والے بچوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے تاکہ عالمی معیار کو حاصل کیا جاسکے ۔

انہوںنے خانہ بدوش جھگیوں،بھٹہ مزدورو ں اور پشتونو ں کے بچوںکو پولیو مہم میں خصوصی ہدف بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوںنے ٹیموںکی تعداد میں اضافہ کرنے اور ان کی تربیت کو فول پروف بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوںنے علماء پر زور دیا کہ وہ منبر و محراب کو استعمال کرتے ہوئے انسداد پولیو مہم کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کو رد کرتے ہوئے عوام کو پولیو کے خاتمہ کی افادیت سے آگاہ کریں ۔

انہوںنے تمام اسسٹنٹ کمشنروںکو اپنی اپنی تحصیلوںمیں انسداد پولیو اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ صحت نے سہ روزہ مہم کی کامیابی کیلئے تمام انتظاما ت مکمل کر لئے ہیںاور پولیو کے نئے اہداف مرتب کئے جارہے ہیں ۔یونین کونسل کی سطح پر اجلاس نو جنوری کو منعقد ہونگے ۔پولیو ٹیموں کی تربیت کا آغاز کیا جا چکا ہے۔

ڈاکٹر طارق سلیم نے بتایا کہ پولیو مہم کی مائکروپلاننگ کی گئی ہے۔ جبکہ تھرڈ پارٹی کی طرف سے نشاندہی کئے گئے نقائص کو دور کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ مہم کے دوران چھ لاکھ7445بچوںکوپولیو کے قطرے پلائے گئے ۔ جن کیلئے 1574ٹیمیں مقرر کی گئیں جن میں 1306موبائل 198مستقل اور 70ٹرانزٹ ٹیمیں تھیں۔ اجلا س کو بتایا گیا کہ حالیہ سروے کے مطابق پاکستان میں پولیو کے آٹھ کیسز سامنے آئے ہیں۔ جبکہ ان میں سے ایک کیس کا بھی تعلق صوبہ پنجاب سے نہیںہے۔