Live Updates

حکومت کا علیمہ خان کا دفاع نہ کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ کو اپنا دفاع خود کرنے کا پیغام پہنچا دیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 11 جنوری 2019 21:57

حکومت کا علیمہ خان کا دفاع نہ کرنے کا فیصلہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جنوری2019ء) حکومت کا علیمہ خان کا دفاع نہ کرنے کا فیصلہ، وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ کو اپنا دفاع خود کرنے کا پیغام پہنچا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی امریکا میں جائیداد ہونے کا انکشاف ہونے کے بعد سے میڈیا اور اپوزیشن کی جانب سے اس معاملے پر تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

علیمہ خان کی جائیداد کے حوالے سے ان کی بجائے تحریک اںصاف کی حکومت سے سوال کیا جا رہا ہے۔ تاہم اب تحریک انصاف کی حکومت نے علیمہ خان کا دفاع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے علیمہ خان کو پیغام پہنچایا گیا ہے کہ وہ میڈیا پر خود اپنا دفاع کریں۔ اس سلسلے میں تحریک انصاف یا حکومت کی جانب سے انہیں کسی قسم کی مدد فراہم نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے حزب اختلاف پرزوردیا ہے کہ وہ اپنی سیاست کی خاطر قابل اعتماد اداروں شوکت خانم ہسپتال اورنمل یونیورسٹی کو متنازعہ نہ بنائیں۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے ٹویٹ پیغام پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے واضح کہاکہ علیمہ خان نہ تو کبھی وزیراعظم رہیں اور نہ ہی وہ کوئی سرکاری عہدہ رکھتی ہیں اور انہوں نے اپنی تمام جائیداد کی وضاحت کی ہے ۔

وفاقی وزیر نے افسوس کااظہار کیاکہ مریم اورنگزیب کی سیاست اب بے بنیاد کہانیوں کوجوڑنے تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز انکشاف ہوا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کی دبئی کے بعد امریکہ میں بھی جائیداد ہے۔ علیمہ خان نیوجرسی میں واقع 4 منزلہ فلیٹس کی مالک ہیں۔ انکے فلیٹس کی موجودہ مالیت 45 کروڑ روپے ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات