پولیس افسران کا میڈیا سے گفتگو کرنا درست نہیں، وزیر اعلی سندھ

پی ایس ایل کے میچز اور نیول انٹرنیشنل امن مشقوں کی سکیورٹی فول پروف ہونی چاہیے، سیدمراد علی شاہ

بدھ 16 جنوری 2019 15:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ پولیس افسران کا میڈیا سے گفتگو کرنا ٹھیک نہیں ہے،پی ایس ایل کے میچز اور نیول انٹرنیشنل امن مشقوں کی سکیورٹی فول پروف ہونی چاہیے۔بدھ کو وزیراعلی سندھ کی صدارت میں سندھ میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس ہوا۔اجلاس میں مشیراطلاعات مرتضی وہاب، آئی جی سندھ ڈاکٹرکلیم امام، پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی سائوتھ اور دیگر پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر امن و عامہ کی صورتحال کے بارے میں بریف کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے بتایا کہ شہر میں بائیک چھیننے اور راہزنی پر کسی حد تک قابو پالیا گیا ہے، اس سلسلے میں ضلع وسطی میں خصوصی اقدامات کیئے گئے ہیںجہاں وارداتوں کا تناسب 2018 میں کافی زیادہ تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بینک ڈکیتیوں کے تمام کیسز پر کام کیا گیا ہے جبکہ جعلی اسلحہ لائسنس بنا کر اسمگلنگ اور چوری شدہ اسلحہ فراہم کرنے والا گروہ بھی پکڑا گیا ہے، جن کے ساتھ ملوث پولیس اہلکاروں اور ضلعی دفتر کے سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

آئی جی نے وزیراعلی کو یقین دہانی کروائی کہ شہر میں امن کی مجموعی صورتحال بہتر ہے ،2018 میں ضلع غربی میں بائیک چھیننے کے واقعات بہت زیادہ ہوئے تھے اس لئے وہاں پر ایک خصوصی فورس کو ٹاسک دیا گیا ہے۔اجلاس میں وزیر اعلی سندھ نے ہدایت کی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے میچز اور نیول انٹرنیشنل امن مشقوں کی سکیورٹی فول پروف ہونی چاہیے۔اجلاس میں وزیر اعلی کو علی رضا عابدی قتل کیس اور چائنیز قونصل خانہ کے کیس میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا،اس موقع وزیراعلیٰ نے کہاکہ کہ بغیر یونیفارم کے کوئی پرائیوٹ گارڈ اسلحہ لیکر نہیں چل سکتا ،پرائیوٹ سکیورٹی ایجنسیوں کو ہدایت کریں کے وہ اپنے گارڈز کی ویری فکیشن کروائیں۔

انہوں نے نان کسٹم پیڈ اور جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کو پکڑنے کا ٹاسک پولیس کے حوالے کردیا اس کے ساتھ حکم دیا کہ تعلیمی اداروں میں نشہ آور اشیاء فراہم کیے جانے کی اطلاعات کا سختی سے جائزہ لیا جائے۔وزیراعلی نے کہا کہ ان اطلاعات کا اسکول انتظامیہ کے ساتھ مل کر نگرانی کی جائے گی، یہ ہمارے بچے ہیں اور ہمیں ہی ان کی حفاظت کرنی ہے۔اجلاس کوڈی آئی جی سائوتھ نے بتایا کہ ضلع جنوبی کراچی میں 30 مقامات پر خصوصی فورس تعینات کی گئی ہے جبکہ شہر میں نشہ آور اشیاء سپلائی کرنے والے ایک اہم شخص کی گرفتاری بھی ہوئی ہے۔