Live Updates

ماضی میں پختونوں کے نام پر حکومت بنتی رہی لیکن بدقسمتی سے نہ تو پختونوں کی فلاح و بہبود کے لئے کچھ کیا گیا اور نہ پشتو زبان کے لئے،

موجودہ حکومت ملک میں ایک نصاب کے لیے کام کر رہی ہے جس میں مادری زبانوں کو لازمی شامل کیا جائے گا، صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی

بدھ 16 جنوری 2019 18:32

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) صوبائی وزیراطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہاہے کہ ماضی میں پختونوں کے نام پر حکومت بنتی رہی لیکن بدقسمتی سے نہ تو پختونوں کی فلاح و بہبود کے لئے کچھ کیا گیا اور نہ پشتو زبان کے لئے، موجودہ حکومت ملک میں ایک نصاب کے لیے کام کر رہی ہے جس میں مادری زبانوں کو لازمی شامل کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایڈورڈز کالج پشاور کے زیر انتظام آل پاکستان پشتو مباحثے میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا۔

شوکت علی یوسفزئی نے کہاکہ کہا کہ پختون قوم نے بڑے بڑے لیڈرز پیدا کیے ہیں جنہوں نے پشتو زبان کے ساتھ ساتھ پشتونوں کی دینی اور دنیاوی تعلیم میں بہت خدمت کی ہیںلیکن بدقسمتی سے کچھ سیاسی پارٹیاں پشتون لیڈروں کے کام کو ایک طرف رکھ کر ان کا نام صرف اپنے سیاسی مفادات کے لئے استعمال کرتی ہیں اور پشتونوں کے جذبات کے ساتھ کھیلتی ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ پشتونوں کے نام پر ووٹ لینے والوں نے حکومت میں آنے کے بعد لوگوں کی خدمت کی بجائے کرپشن کو عام کیا جس کی وجہ سے ادارے کمزور پڑ گئے،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اداروں کی مضبوطی کے لیے کام کر رہی ہے ملک میں سیاست سمیت تمام اداروں سے کرپشن اور کرپٹ لوگوں کا خاتمہ کریں گے۔

انہوںنے کہا کہ آج کے طلباء ہمارے روشن کل کے لیڈرز ہونگے آج پاکستان کو وزیراعظم عمران خان کی شکل میں مخلص اور ایماندار لیڈر شپ ملی ہے جو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے دن رات کام کر رہا ہے طلباء محنت اور لگن کے ساتھ پڑھائی کریں کامیابی محنت و جدوجہد کرنے والوں کو ضرور ملتی ہے انہوں نے کہا کہ طلباء جذبات کی بجائے دلیل کو اپنائیں۔

پشتون قوم کا ذکر کرتے ہوئے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ جتنی مشکلات اور تکالیف پشتون قوم نے دیکھی ہیں ان سے کوئی انکار نہیں کرسکتا آج کے طلبا کل کو سیاست میں حصہ لے کر پختون قوم کی حقیقی خدمت کے لئے بھی کام کریں پہلے لوگوں کا خیال تھا کہ سیاست صرف امیر لوگ کرسکتے ہیں لیکن پاکستان تحریک انصاف نے سیاست کو پیسے سے آزاد کیا اور اب جوعوام کی خدمت کے لیے کام کرتے ہیں لوگ انھی کو ووٹ دیتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات