پاکستان کے آئندہ 8 چیف جسٹس بننے والے ججز سے متعلق تفصیلات

موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ 11 ماہ تک عہدے پر براجمان رہیں گے، 2030 تک پنجاب سے تعلق رکھنے والے 4، سندھ سے 2 جبکہ خیبرپختوںخواہ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایک ایک ججز چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالیں گے

muhammad ali محمد علی جمعہ 18 جنوری 2019 22:39

پاکستان کے آئندہ 8 چیف جسٹس بننے والے ججز سے متعلق تفصیلات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جنوری2019ء) پاکستان کے آئندہ 8 چیف جسٹس بننے والے ججز سے متعلق تفصیلات، موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ 11 ماہ تک عہدے پر براجمان رہیں گے، 2030 تک پنجاب سے تعلق رکھنے والے 4، سندھ سے 2 جبکہ خیبرپختوںخواہ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایک ایک ججز چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالیں گے۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس آصف سعید کھوسہ پاکستان کے نئے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا چکے ہیں۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ رواں سال20 دسمبر2019 تک 11 ماہ کیلئے چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہیں گے۔ جبکہ 2030 تک سپریم کورٹ کے موجودہ 8 ججز 65 سال کی عمر پوری ہونے کے باعث چیف جسٹس آف پاکستان کے منصب پر فائز ہونے سے پہلے ہی بطور جج ریٹائرڈ ہو جائیں گے جبکہ 8 ججز چیف جسٹس کا منصب سنبھال کرریٹائرڈ ہوں گے۔

(جاری ہے)

2019 سے2030 تک چیف جسٹس کا منصب سنبھالنے والے ججز میں4 کاتعلق پنجاب، 2 کا سندھ اور ایک ایک فاضل جج کا تعلق خیبر پی کے اور بلوچستان سے ہوگا۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد جسٹس گلزاراحمد 21 دسمبر2019 تا یکم فروری2022 ، جسٹس عمر بندیال 2 فروری 2022 تا16ستمبر2023 ، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 17ستمبر 2023 تا 25 اکتوبر 2024 جبکہ جسٹس اعجاز الاحسن 10 ماہ کیلے چیف جسٹس رہیں گے۔ موجودہ ججز میں سے جسٹس منصور علی شاہ دوسرے جج ہوں گے جو 2 سال سے زائد مدت کیلیے عہدہ سنبھالیں گے اور ان کی ر یٹائرمنٹ 27 نومبر 2027 ہوگی۔

اس کے بعد جسٹس منیب اختر ایک سال کیلے چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالنے کے بعد 13 دسمبر 2028 کو اپنے منصب سے رٹائر ہو جائیں گے۔ جن ججز کو چیف جسٹس بننے کا موقع نہیں ملے گا ان میں جسٹس شیخ عظمت سعید27اگست 2019، جسٹس مشیر عالم 17اگست 2021، جسٹس مقبول باقر 4اپریل 2022، جسٹس منظور احمد ملک30اپریل 2021، جسٹس سردار طارق مسعود10مارچ 2024، جسٹس فیصل عرب 4نومبر2020، جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل 13جولائی 2022 اور جسٹس سجاد علی شاہ 13اگست 2022کو اپنے عہدہ سے ریٹائرہو جائیں گے۔