ساہیوال واقعہ، جاں بحق ذیشان کا بھائی ڈولفن فورس میں تعینات

ہمارا کسی دہشتگرد جماعت سے تعلق نہیں، خیل اپنے دوست ذیشان کو بطور ڈرائیور شادی میں شرکت کیلئے ساتھ لے کر گئے۔ سی ٹی ڈی کی فائرنگ سے جاں بحق خیل کے بھائی کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 19 جنوری 2019 18:18

ساہیوال واقعہ، جاں بحق ذیشان کا بھائی ڈولفن فورس میں تعینات
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 جنوری2019ء) ساہیوال واقعے میں سی ٹی ڈی کی فائرنگ سے ہلاک ذیشان کا بھائی ڈولفن فورس میں تعینات ہے،خیل کے بھائی نے بتایا کہ ہمارا کسی دہشتگرد جماعت سے تعلق نہیں ،خیل اپنے دوست ذیشان کو بطور ڈرائیور شادی میں شرکت کیلئے ساتھ لے کر گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ساہیوال واقعے سے متعلق اہل علاقہ اور ورثاء کی جانب سے جاں بحق افراد کے حوالے سے سچائی سامنے آنا شروع ہوگئی ہے۔

سی ٹی ڈی کی فائرنگ میں جاں بحق خلیل کے بھائی نے کہا کہ ہمارا کسی دہشتگرد جماعت سے تعلق نہیں ہے۔ذیشان کا بھائی ڈولفن فورس میں ملازم ہے۔بتایا گیا ہے کہ اریبہ کی عمر 13سال ہے۔ جبکہ دو بچے زخمی ہوئے ہیں۔ اسی طرح ذیشان ،خلیل، نبیلہ اور اریبہ کو قتل کیا گیا۔انہوں نے بتایا خیل اپنے دوست ذیشان کو بطور ڈرائیور شادی میں شرکت کیلئے ساتھ لے کر گئے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں فائرنگ سے جاں بحق افراد کے ورثاء کے گھروں میں قیامت کا منظر ہے۔ اہلخانہ نے واقعے کیخلاف احتجاجاً فیروزپور روڈ دونوں اطراف سے بلاک کردی ہے۔سڑک بلاک ہونے سے میٹروبس سمیت ٹریفک کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہوگیا ہے۔ٹریفک پولیس نے شہریوں کورنگ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کردی۔ واقعے میں ہلاک خلیل کے بھائی نے میڈیا کوبتایا کہ ہمیں دہشتگرد کہا جارہا ہے ، ہم اس علاقے میں گزشتہ 30 سال سے رہائش پذیر ہیں۔

خلیل کی چونگی امرسدھو میں پرچون کی دکان ہے۔ بھائی خلیل نے کہا ہے کہ پولیس ہمارے پیاروں کی لاشیں بھی نہیں دے رہی۔ ہمارے باقی بچوں کو بھی ہمارے حوالے نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ ورثاء نے وزیراعظم ، وزیراعلیٰ سمیت اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔