وزیراعلیٰ پنجاب سے میانوالی میں ڈسٹرکٹ بار اورپی ٹی آئی عہدیداروں اورکارکنوں کی ملاقاتیں

عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کیلئے وکلا ء برادری پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ،خود وکیل ہوں اوروکلاء برادری کے مسائل سمجھتا ہوں،جائز مطالبات پر غورکرینگے ‘عثمان بزدار

ہفتہ 19 جنوری 2019 22:25

وزیراعلیٰ پنجاب سے میانوالی میں ڈسٹرکٹ بار اورپی ٹی آئی عہدیداروں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے آج صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میانوالی محمد ریاض کی قیادت میں وکلاء برادری کے وفد نے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری نے آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔آزاد عدلیہ کی بحالی کیلئے وکلاء برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

انہوںنے کہا کہ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کیلئے وکلاء برادری پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ میں خود وکیل ہوں اور وکلاء برادری کے مسائل سمجھتا ہوں۔ وکلاء برادری کے جائز مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی عمارت کی تزین و آرائش کے لئے تخمینہ لگایاجائے گا۔

(جاری ہے)

بعد ازاںوزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے تحریک انصاف میانوالی کے صدور ، جنرل سیکرٹریز،عہدیداران اورکارکنوں نے ملاقات کی ۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر عہدیداروں اورکارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ عام انتخابات میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے شاندار انداز میں کام کرکے کامیابی سمیٹی۔ کارکنوں کو ان کا جائز مقام دیں گے۔ انہوںنے کہا کہ ترقی کاسفر دوردرازعلاقوں تک پھیلا دیا ہے ۔میں آج اپنے قائدکے شہر آیا ہوں ۔آپ سے ملاقاتوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔میانوالی کو ترقی کے لحاظ سے مثالی ضلع بنائیںگے۔صدر تحریک انصاف میانوالی و رکن قومی اسمبلی امجد علی خان،جنرل سیکرٹری طارق خان، صدر نارتھ پنجاب عطاء اللہ خان شادی خیل، کوآرڈینیٹر احمد خان اور دیگر عہدیداران اس موقع پر موجود تھے۔