Live Updates

جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد ساہیوال واقعہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا، عامر محمود کیانی

خیبرپختونخوا پولیس کی طرح پنجاب پولیس میں بھی اصلاحات لائینگے، 70 سالہ پرانا سسٹم ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا، میڈیا سے گفتگو

پیر 21 جنوری 2019 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2019ء) وفاقی وزیر قومی صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد سانحہ ساہیوال میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا،خیبرپختونخوا پولیس کی طرح پنجاب پولیس میں بھی اصلاحات لائینگے، 70 سالہ پرانا سسٹم ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا کہ اپوزیشن 70 سالوں میں صرف لوٹ کھسوٹ پر ہی لگی رہی، کیا اچھا ہوتا کہ سسٹم کو بھی بہتر کرتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تنقید برائے تنقید سے اجتناب کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ساہیوال پر بنائی گئی جے آئی ٹی تین دنوں میں تحقیقات کر کے اپنی رپورٹ پیش کریگی ، ہمیں اسی رپورٹ کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی کہا ہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد سانحہ ساہیوال میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی پولیس میں اصلاحات لائی ہے ، اسی طرح پنجاب پولیس میں بھی اصلاحات لائی جائینگی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کو مثالی پولیس فورس بنائینگے، ملک کے 70 سالہ پرانے سسٹم کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا، اس حوالے سے کافی وقت درکار ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات