الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کی شیریں مزاری بلا مقابلہ چیئر پرسن منتخب

امید ہے ہم انتہائی قابل ممبران کا الیکشن کمیشن میں تقرر کرینگے، پارٹی سے بالاتر ہوکر ممبران کی تقرری کرینگے،شیریں مزاری ْایسے ممبران کی تقرری کی جانی چاہیے جس سے ملک میں صاف شفاف انتخابات ہوں ، سید خورشید شاہ

منگل 22 جنوری 2019 14:23

الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کی شیریں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کی شیریں مزاری بلا مقابلہ چیئر پرسن منتخب ہوگئیں ۔ منگل کو الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا سیکرٹری قومی اسمبلی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں خورشید شاہ، محمد میاں سومرو،فخر امام، شیریں مزاری و دیگر شریک ہوئے ۔

ڈاکٹر شیریں مزاری کو کمیٹی کی چیئر پرسن کے لیے نامزد کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دور ان محمد میاں سومرو نے شیریں مزاری کا نام تجویز کیا۔بعد ازاں شیریں مزاری کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں شیریں مزاری نے کہاکہ امید ہے ہم انتہائی قابل ممبران کا الیکشن کمیشن میں تقرر کرینگے۔شیریں مزاری نے کہاکہ پارٹی سے بالاتر ہوکر ممبران کی تقرری کرینگے۔شیریں مزاری نے کہا کہ امید ہے ہمارا فیصلہ متفقہ ہوگا تاکہ آئندہ کسی الیکشن پر سوال نہ کیا جاسکے۔ خورشید شاہ نے کہاکہ ایسے ممبران کی تقرری کی جانی چاہیے جس سے ملک میں صاف شفاف انتخابات ہوں۔ سینیٹر اعظم سواتی نے کہاکہ الیکشن کمیشن ٹھیک ہوگا تو جمہوریت مضبوط ہوگی۔